حیدرآباد//تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں آج آرٹی سی بس کے ایک کھائی میں گرنے کے دلخراش واقعہ میں 52مسافر ہلاک ،جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔ مہلوکین میں بیشتر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ یہ حادثہ آج صبح اس وقت پیش آیا جب کونڈا گٹو گھاٹ روڈ پر ٹی ایس آرٹی سی بس گڑھے میں جاگری۔ابتدائی اطلاعات میں بتایاگیاتھا کہ اس حادثے میں 40افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جگتیال کے ایریا اسپتال میں کئی مسافرین ز خموں کی موت ہوگئی جس کی بناء پر مہلوکین کی تعدادبڑھ کر 52ہوگئی۔زائد ازدودرجن مسافرین موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ سات بچوں کی لاشیں بس سے نکالی گئی ہیں۔ اس بس میں جو جگتیال ڈپوکی تھی زائد از 60مسافرین سوار تھے جو کونڈا گٹو میں واقعہ مندر سے لوٹ رہے تھے ۔یہ بس موضوع شیوارام پیٹ سے برائے کونڈا گٹو جگتیال جارہی تھی۔ تب ہی یہ حادثہ رونما ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ مسافرسوار تھے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس ڈرائیور کے توازن کھو بیٹھے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ بیشتر مسافرین کے زخمی ہونے کی وجہ یہ رہی کہ وہ ایک دوسرے پر بری طرح گر پڑے ۔اس موقع پر مختلف گاڑیوں میں جانے والے بعض افراد نے مقامی لوگوں کی مدد سے بچاؤ آپریشن شروع کیا۔ شدید زخمیوں کو جگتیال کے اسپتال منتقل کیاگیا۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے افسرفوری مقام واقعہ پہونچے اور بچاؤ اقدامات شروع کئے ۔ صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کوئند ، وزیراعظم نریندرمودی اور وزیراعلی چندرشیکھرراؤ نے اس حادثے پر گہرے صدمے کا اظہارکیا۔ کے سی آر نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیئے جانے کااعلان کیاہے ۔یواین آئی
تلنگانہ میں بس حادثہ ،مودی نے کیا رنج وغم کا اظہار
نئی دہلی//وزیراعظم نریندرمودی نے تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں منگل کے روز پیش آئے بس حادثہ میں 45مسافروں کی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیاہے ۔اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی اس بس کے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں گر جانے کی وجہ سے بچوں اور عورتو ں سمیت 45مسافروں کی موت ہوگئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔مسٹر مودی نے ٹوئیٹ کرکے کہا،''یہ حادثہ کافی تکلیف دہ ہے جسے لفظوں میں بیاں نہیں کیاجاسکتا۔اس میں لوگوں کی جانیں گئی ہیں ۔میری ہمدردیاں متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہیں ۔میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتاہوں ۔ ''یواین آئی