سرینگر//خوراک، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے پوسٹ گریجویٹ ایس ٹی طلاب کے لئے تلسی باغ اور قبائلی ریسرچ انسٹی چیوٹ کا کھمبر میں سنگ بنیاد رکھا۔ تلسی باغ میں پی جی ہوسٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سماج کے تمام طبقوں کی مجموعی ترقی کے لئے وعدہ بند ہے اور پوسٹ گریجویٹ طلاب کے لئے ہوسٹل تعمیر کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سماج کے ہر طبقے بالخصو ص پسماندہ طبقے کے معیار زندگی میں بہتری لانے کی خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ذاتی کاوشوں کی بدولت 3.25کروڑ روپے کی لاگت یہ ہوسٹل تعمیر کیا جارہا ہے جس میں 100 طلاب کی گنجائش ہوگی۔اس موقعہ پر ایم ایل اے بٹہ مالونور محمد شیخ بھی وزیر کے ہمراہ تھے جنہوں نے اپنے سی ڈی ایف میں سے ہوسٹل کے لئے ایک ایمبولنس دینے کا اعلان کیا۔ 8کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہے ٹی آر آئی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر نے کہا کہ اس ادارے کی بدولت ریاست کے منفرد قبائیلی ثقافے ورثے کو تحفظ دینے میں مدد ملے گی ۔کمشنر سیکرٹری ایم ڈی خان ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے نثار احمد وانی ، سیکرٹری گجر بکروال ایڈوائزری بورڈ مختار احمد کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔