وجے پور //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہاہے کہ موقعہ پرست سیاسی جماعتیں زیادہ دیر تک عوام کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرسکتی اور لوگ تفریق پسند طاقتوں کے خلاف متحد ہوجائیں ۔وجے پور اسمبلی حلقہ کے رام گڑھ علا قہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سلاتھیہ نے کہاکہ موقعہ پرست جماعتوں نے عوام کیساتھ تعمیر وترقی کے جھوٹے وعدے کرکے ان کے جذبات سے کھلواڑ کیا ۔انہوں نے بھاجپا اور پی ڈی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی جماعتوں نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے مفاد کی خاطر عوامی مسائل کی جانب کوئی توجہ ہی نہیں دی جس کے نتیجہ میں ریاست کے دیہی علا قوں میں رہائش پذیر عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔این سی لیڈر نے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے اپنی ناکامی کو دیکھتے ہوئے عوام کو فرقوں اور خطوں میں تقسیم کر نے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دیہی علا قوں میں آباد عوام کو پینے کا صاف پانی ،بجلی کی معقول سپلائی اورراشن ترجیح بنیادوں پر فراہم کرنے کے علا وہ سرکاری سکولوں اور طبی اداروں میں عملے کی قلت کو پورا کیا جائے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت جاری کی کہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے لگن کیساتھ کام کیا جائے ۔اس موقعہ پر موہن سنگھ ،اوم پرکاش ،جسبیر سنگھ ،آشا کماری ،درشن سنگھ کے علا وہ دیگران بھی موجود تھے ۔