سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کے استحکام کی ہدایت دی تا کہ تعلیمی اداروں میں تدریسی اور دیگر سہولیات کو مستحکم بنایا جا سکے ۔ یہاں سٹیٹ ہائیر ایجوکیشن کونسل کی چوتھی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ریاست کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو تمام سہولیات سے لیس کرنے کی ہدایت دی اور ان کیلئے مطلوبہ فیکلٹی لیبارٹریاں اور لائیبریریاں قایم کرنے کیلئے کہا ۔ وزیر تعلیم سید الطاف بخاری اور وزیر مملکت برائے تعلیم پریا سیٹھی میٹنگ میں موجود تھیں ۔ محبوبہ مفتی نے یونیورسٹیوں میں سٹوڈنٹس ویلفئیر سنٹروں کو مستحکم بنانے اور طلاب کو ان اعلیٰ تعلیمی مراکز کے معاملات میں شراکت دار بنانے کی ہدایت دی تا کہ مستقبل قریب کے ذمہ دار شہریوں کو تیار کیا جا سکے انہوں نے یونیورسٹیوں میں ایسے مراکز قایم کرنے کی ہدایت دی یہاں طلاب کو اپنے پیشوں سے متعلق تربیت بہتر طور فراہم کی جا سکے ۔ تکنیکی تعلیم شعبے کی سرگرمیوں کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ریاست میں تمام نرسنگ کالجوں کے فیس کے ڈھانچے کو باقاعدہ بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے ہائی سکول سطح سے ہی طلاب کیلئے کیرئیر کونسلنگ اور شخصیت سازی پروگرام متعارف کرنے کی بھی ہدایت دی تا کہ طلاب کو بروقت اپنے پیشے کے انتخاب کیلئے تیار کیا جا سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے سکولوں اور کالجوں میں کشمیری ، ڈوگری اور دیگر زبانوں کے ساتھ ساتھ پنجابی زبان متعارف کرنے کی بھی ہدایت دی اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کو ان زبانوں کیلئے فیکلٹی معرض وجود میں لانے اور انہیں پُر کرنے کیلئے کہا ۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست میں واڈورہ میں ہارٹیکلچر یونیورسٹی اور ریاست میں لاء یونیورسٹی کے قیام کو بھی اصولی طور منظور کیا ہے ۔ کونسل میٹنگ میں سرینگر اور جموں میں دو ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالجوں کے قیام کو بھی منظوری دی گئی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ نئی دہلی میں ریاستی حکومت کی جانب سے 30 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے سٹوڈنٹ ہوسٹل کی عمارت مکمل کی گئی ہے اور عنقریب چالو کی جائے گی ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ریاست میں 25 کالج عمارتوں پر کام جاری ہے جن میں سے 16 عمارتوں کو امسال پایہ تکمیل تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ میٹنگ کو مطلع کیا گیا کہ ریاست کی مختلف یونیورسٹیوں میں انجینئرنگ لیبارٹریوں کی توسیع کیلئے 30 کروڑ روپے کی مالیت کے چار پروجیکٹ شروع کئے گئے ہیں ۔ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے جریدے ای ڈی یو پلس کا خصوصی ایڈیشن بھی جاری کیا ۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، ریاستی سنٹرل اور کلسٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔