سرینگر// سرکار نے جموں کشمیر کے اسکولوں،کالجوں اوریونیورسٹیوں میں تعینات مدرسین کی حوصلہ افزائی کیلئے بہترین تدریسی سہولیات اور بہتر اساتذہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔سرکار کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں اسکولوں،کالجوں اوریونیورسٹیوں میں کام کرنے والے سرشار اساتذہ فیکلٹی کی حوصلہ افزائی کے لئے ’’بہترین ٹیچر ایوارڈ‘‘ کی اسکیم جاری کی گئی ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر میں ان ایورڈوں کی مجموعی تعداد10ہوگئی ہے،جن میں کشمیر میں5اور جموں میں بھی اتنی ہی تعداد میں ایورڈ فراہم کئے جائیں گے تاکہ تمام اضلاع اور دور دراز علاقوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس انعام میں چاندی کا تمغہ(40گرام) توصیفی سند اور50ہزار روپے کی نقد رقم ہوگی اور ہر سال یہ5 ستمبر کو یوم اساتذہ پر دیا جائے گا۔ سرکار نے اس کیلئے اہلیت کو طے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول ٹیچر،ماسٹر،لیکچرار اور اسکولوں کے سربراہان، جو کہ جموں و کشمیر کے تسلیم شدہ پرائمری،مڈل،ہائی اورہائیر سیکنڈری اسکولوں میں کام کرتے ہیں، اس میں شامل ہوسکتے ہیں،تاہم تعلیمی منتظمین اور تربیتی اداروں کا غیر تدریسی عملہ ان ایوارڈز کے اہل نہیں ہے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عام سبکدوش اساتذہ بھی اس ایورڈ کے اہل نہیں ہونگے تاہم وہ اساتذہ جنہوں نے کیلنڈر سال کا ایک حصہ (کم از کم چار ماہ کی مدت یعنی 3 اپریل تک ، اسی سال ،جس پر ایوارڈز کا تعلق ہے،کام کیا ہو، ان پر غور کیا جا سکتا ہے۔آرڈر کے مطابق کنٹریکچول اساتذہ ان ایوارڈز کے لیے قابل غور نہیں ہوں گے۔ ایوارڈوں کیلئے پہلے مرحلے کی جانچ ضلع سطح پر کی جائے گی ۔ضلع سطح کمیٹی 3 اساتذہ سے متعلق اپنی سفارشات پیش کرے گی۔صوبائی سطح کمیٹی20اساتذہ کی سفارشات پیش کرے گی۔یوٹی سطح کی کمیٹی 20 امیدواروں کی فہرست کا جائزہ لے گی،اور شارٹ لسٹ کئے گئے ان امیدواروں کا تازہ احاطہ کرے گی۔ان امیدواروں کو تبادلہ خیال کیلئے بھی طلب کیا جائے گا اور کمیٹی10اساتذہ کو ایوارڈ کیلئے منتخب کرے گی۔