سرینگر//شمالی کشمیر ضلع کپوارہ کے ترہگام ڈولی پورہ کے مقتول نوجوان بلال احمد شیخ کے اہل خانہ نے پولیس پر تحقیقات میں لیت ولعل سے کام لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے سرکار،پولیس وضلع انتظامیہ سے مشکوک قتل کے پیچھے کار رفرما تمام مضمرات اور سازش کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی ایف ایل سی رپورٹ ابھی نہیں آئی ہے جس کے بعد ہی کیس کے حوالے سے تحقیقات شروع کی جائے گی اور مقتول کے فون میں موجود مختلف نمبرات کی جانچ پڑتال ہو رہی ہے جس کے بعد ہی کیس کے حوالے سے کوئی ٹھوس پیش رفت ہونے کا امکان ہے ۔ مذکورہ نوجوان کے اہل خانہ نے بتایا ’’پولیس نے مقتول کے کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ابھی تک کام شروع نہیں کیا ہے جس سے یہ بات صاف طاہر ہوجاتی ہے کہ پولیس مذکورہ کیس کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے یا کسی سیاسی دبائو میں آکر ایسا کرنے پر مجبور کئے جارہے ہیں ۔مقتول کے بھائی محمد امین شیخ نے بتایا ’’گذشتہ سال ترہگام پولیس سٹیشن نے پتھر بازی کے الزام میں انہیں پکڑ لیا تھا جبکہ پنزگام علاقے میں مقیم آرمی کیمپ کے فوجی اہلکار بھی انہیں کبھی کبار پوچ تاچھ کیلئے کیمپ میں آئے روز بلاوا بھیجتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ 28جون 2017کو بلال اپنے گھر کے قریب سے دن دھاڑے غائب ہوا تھا جبکہ29جون کو پولیس سٹیشن ترہگام میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی ۔محمد امین نے پولیس کے اس بیان کہ جائے واردات پر زہر کی ایک بوتل ملی تھی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بلال نے اقدام خودکشی کی ہے تو وہ لاپتہ کیوں ہوگیا ۔امین نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے بھی مقتول کو زیر حراست مرنے کا انکشاف کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بلال کو پڑھانے کے لئے انہیں اپنی زمین بھی فروخت کرنی پڑی جس کے بعد ہی مقتول بی ایڈ اور ایم اے کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکا۔مقتول کی والدہ نے کہاکہ 28جون دن کے11بجے بلال گھر سے نکلا اورقریب ایک گھنٹے بعد جب ہم نے انہیں فون پر کھانا کھانے کے لئے کہا تو انہوں نے کہا کہ آپ کھانا تیار رکھو میں جلد گھر لوٹ آوئں گا ۔نم ناک آنکھوں سے مقتول کی ماں نے بتایا ’’مجھے پتہ نہیں تھا یہ میرے لخت جگر کے آخری الفاظ ہیں جس کے بعد فون لگا تار بند رہا ۔ کشمیر عظمیٰ نے جب پولیس سٹیشن تریگام سے اس حوالے سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا ’’ ہم ایف ایل سی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں جو ابھی تک نہیں آئی ہے جس کے بعد ہی کیس کے حوالے سے تحقیقات شروع کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مقتول کے قتل کے حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے تاہم مقتول کے فون میں موجود مختلف نمبرات کی جانچ پرتال ہو رہی ہے جس کے بعد ہی کیس کے حوالے سے کوئی ٹھوپیش رفت ہونے کے امکان ہیں ۔معلوم رہے ترہگام ڈولی پورہ ضلح کپواڑہ میں گڈول آرمی اسکول میں بحیثیت استاد کام کر رہے 29سالہ بلال احمد شیخ28جون کواپنے گھر سے لاپتہ ہوا تھا جبکہ 18جولائی کواس کی مسخ شدہ لاش21دن کے بعدبٹہ مرگ جنگل سے مقامی تھانہ ترہگام نے برآمد کی ۔