کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کی پنچایت ترگائین میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے پریشان ہو کر مکینوں نے محکمہ جل شکتی اور ضلع انتظامیہ راجوری کےخلاف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین و آفیسران چھ ماہ قبل بند ہوئی سپلائی کو بحال کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنچایت کی وارڈ نمبر 6میں چھ ماہ قبل پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہوگئی تھی لیکن اس کے بعد کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کے بعد بھی سپلائی کو بحال نہیں کیاجاسکا ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ کے مرد اور خواتین کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی قدرتی چشموں سے لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی پنچایت ممبر الطاف احمد ،محمد شبیر ،محمد فاروق ودیگران نے محکمہ و ملازمین کے تئیں شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر عوامی مشکل کو سننے کو تیار ہی نہیں ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ ملازمین و آفیسران کو جلد از جلد تبدیل کر کے گاﺅں میں پانی کی سپلائی کر بحال کروایا جائے تاکہ لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔