شوپیان//جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے مغل پورہ ترکہ وانگام علاقے میں سیکورٹی فورسز کیساتھ تصادم آرائی میں ایک مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا، جبکہ ایک فوجی اہلکار معمولی زخمی ہوا۔مہلوک ملی ٹینٹ نے صرف ایک ماہ قبل ہتھیار اٹھائے تھے۔
تصادم کیسے ہوا؟
پولیس نے بتایا کہ انہیں جمعرات کی شب مغل پورہ ترکہ وانگام میں کم سے کم 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد رات کے 9بجے44آر آر اور 14بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر محاصرہ کیا گیا اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بستی کو جونہی محاصرے میں لینے کی کوشش ہورہی تھی تو بستی میں موجود ملی ٹینٹوں نے محاصرہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی جس کے بعد رات ساڑھے 10بجے سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں فوج کا ایک اہلکار معمولی طور پر زخمی ہوا اور دیر رات گئے تک فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا۔شبانہ آپریشن جمعہ کی صبح تک ملتوی کیا گیا اور اس دوران بستی کے اردگرد روشنی کا انتظام کیا گیا۔جمعہ کی صبح آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا لیکن ملی ٹینٹوں کی طرف سے کوئی ردعمل نہیں آیا۔ اسکے بعد تلاشیاں لی گئیں اور ایک ملی ٹینٹ کی لاش بر آمد کی گئی۔ صبح 10بجے تک محاصرہ جاری تھا اور سیکورٹی فورسز دوسرے ملی ٹینٹ کو تلاش کررہی تھی جو غالباً رات کی تاریکی کے دوران ہی فرار ہوا تھا۔مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت منیب احمد شیخ ولد غلام قادر شیخ ساکن پنو محلہ شوپیان کے بطورہوئی۔ منیب احمد شیخ نے رواں سال یکم مارچ میں عسکریت پسندی کا راستہ اختیار کیا تھا۔ تاہم پولیس کی طرف سے سرکاری طور پر ابھی تک مارے گئے عسکریت پسند کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔پولیس ترجمان کے مطابق تصادم کی جگہ ایک چینی پستول ، ایک میگزین اور پانچ راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔ادھر ضلع شوپیان میں جمعرات کی رات انکائونٹر شروع ہونے کے ساتھ ہی موبائل انٹرنیٹ خدمات کو معطل کردیا گیا ،جسے شام دیر گئے بحال کیا گیا۔
پلوامہ
پولیس نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ پلوامہ میں ایک خصوصی کارروائی کے دوران جیش محمد سے وابستہ تین ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کرلیا گیا ۔ گرفتار شدہ افراد کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیاگیا ہے۔ پولیس کے مطابق جمعہ کے روز جیش محمد کیساتھ وابستہ ایک گروہ کے بے نقاب کیا گیا۔ پلوامہ پولیس نے 55 آر آر اور 182/183 بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر جیش محمد کے تین ملی ٹینٹ معاونین کو مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت اویس الطاف ولد الطاف حسین گنائی ساکن جندوال، عاقب منظور ولد منظور احمد میر ساکن گڈورہ، وسیم احمد پنڈت ولد غلام محمد پنڈت کریم آباد پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوںجیش کے لیے کام کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے انکشاف پر ایک اے کے رائفل، تین میگزین، 69 اے کے راؤنڈز اور ایک گرینیڈ برآمد کیا گیا۔ ایف آئی آر نمبر 77/2022 کے تحت پولیس اسٹیشن پلوامہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کی گئی۔
کشتواڑ میں مکان کی تلاشی
۔20 کلو گرام کمرشل گریڈ دھماکہ خیز مواد برآمد
یو این آئی
کشتواڑ// ضلع کشتواڑمیں سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو ایک پرائیویٹ مکان سے جیلیٹن کی چھڑیوں کیساتھ ساتھ ڈیٹونیٹر کی شکل میں20 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔ پولیس نے بتایاکہ کشتواڑکے وارڈنمبر3میں واقع ایک رہائشی مکان سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ۔فوج کی26 آر آر اور پولیس کی طرف سے کشتواڑ کے مل یپتھ علاقے میں مشترکہ تلاشی مہم کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ تلاشی کے دوران مکان سے تقریباً 20کلو گرام کمرشل گریڈ دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ 20ہزار روپے کی رقم اور موبائل فون برآمد کیاگیا۔بیان کے مطابق یہ مکان مال پیتھ کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے محمد حسین نامی ایک شخص کا ہے۔پولیس نے مزیدبتایاکہ برآمد شدہ اشیاء کو ضبط کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔