جموں// مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں جس طرح پتھر بازی بند ہوئی ہے اسی طرح ان لوگوں کو بھی لگام لگنی چاہئے جو ترنگے کی توہین کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں مودی سرکار کا مشکور ہوں کہ جس نے دفعہ 370 کو ختم کرکے 70 برسوں سے انتظار کرنے والے لوگوں کو پہلی بار ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کیا۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ وہ یہاں پارٹی کی طرف سے انتخابات کے انچارج ہیں اور یہیں خیمہ زن ہیں۔انہوں نے کہا،’’میں مودی سرکار کا شکر گذار ہوں کہ جس نے دفعہ 370 اور 35 اے ختم کیا اور 70 برسوں سے انتظار کرنے والے لوگوں کو اپنا حق دیا‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کو مبارک باد دے رہا ہوں جو آج پہلی بار ووٹ ڈال رہے ہیں۔پی ڈی پی کے یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ کی این آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹھاکر نے کہا،’’یہ لوگ ترنگے کی توہین بھی کرتے ہیں اور وہ باتیں بھی کرتے ہیں جن سے علیحدگی پسند سوچ کو بڑھاوا ملتا ہے ، جو لوگ ایسے کاموں میں ملوث ہیں ،ایجنسیاں ان کے خلاف کام کرتی ہیں۔انہوں نے کہا،’’جس طرح سے پتھر بازی بند ہوئی ہے اسی طرح اس سوچ کو بھی لگام لگنی چاہئے جو بھارت کے اندر بیٹھ کر ترنگے کی توہین کرتے ہیں، ان لوگوں کو سبق سکھایا جانا چاہئے ‘‘۔