نئی دہلی //جموںسے تعلق رکھنے والے سابق ممبر قانون سازکونسل ترلوچن سنگھ وزیر کونئی دہلی میں قتل کرنے کاانکشاف ہوا ہے ،اورپولیس نے 2 روپوش ملزمان کی تلاش بڑے پیمانے پرشروع کردی ہے۔فرارملزمان کی گرفتاری عمل میں لانے کیلئے2ٹیموں کوجموں اورامرتسرروانہ کردیا گیاہے ۔روپوش ملزمان کی شناخت ہرپریت اور ہرمیت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق موتی نگرنئی دہلی میں واقع فلیٹ، جہاں قتل ہوا ، جنوری میں کرائے پر لیا گیا تھا اور مالک مکان کو بتایا گیا تھا کہ اسے 10 ستمبر تک خالی کر دیا جائے گا۔دہلی پولیس کوابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ قتل کی منصوبہ بندی جولائی میں کی گئی تھی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔پولیس کے مطابق قتل کے محرکات کا صرف اس وقت پتہ چلے گا، جب دونوں ملزمان ہرپریت سنگھ اور ہرمیت سنگھ کو گرفتار کیا جائے گا۔پولیس نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ملزمان کے موبائل فون بدھ کی شام تک فعال تھے، لیکن اس کے بعد سے کوئی معلومات نہیں ہیں۔پولیس کے مطابق اس قتل کیس میں مفرور ہرپریت سنگھ نے اپنے ایک قریبی دوست کو فون کر کے بتایا تھا کہ دو لوگوں نے وزیر کو رمیش نگر کے علاقے میں قتل کیا ۔پولیس نے کہا کہ جس شخص سے ہرپریت نے فون پر بات کی ،اس نے سابق ایم ایل سی ٹی ایس وزیر کے بھائی کو بتایا جو جموں و کشمیر کا ایک ریٹائرڈ پولیس افسر ہے اور اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ اس کیس کا ایک ملزم ہرمیت سنگھ جموں میں مقتول ٹی ایس وزیر کے گھر کے قریب رہتا ہے۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ٹی ایس وزیر اپنی پوتی کی پیدائش کی خبر کے بعد کینیڈا جا رہا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ہرپریت سنگھ جانتا تھا کہ ترلوچن سنگھ وزیر کو اپنے بیٹے اور نوزائیدہ پوتی سے ملنے کینیڈا جانا ہے۔روپوش ملزم ہرپریت سنگھ نے سابق ممبر قانون سازکونسل ترلوچن سنگھ وزیر سے ملاقات کی اور اپنا تعارف ایک صحافی کے طور پر کیا اور بتایا کہ وہ ایک اخبار اور ویب سائٹ چلاتا ہے جس کے قارئین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ پولیس کے مطابق ، ہرپریت سنگھ ،ٹی ایس وزیر سے اس وقت ملا جب وہ جموں سے دہلی آیا۔ اُس نے ٹی ایس وزیر کو بتایا کہ وہ کینیڈا جانے والی فلائٹ میں سوار ہونے تک اپنے فلیٹ پر رہ سکتا ہے۔دہلی پولیس نے بتایا کہ ہرپریت سنگھ نے ٹی ایس وزیر کو ائیرپورٹ تک پہنچانے کی پیشکش بھی کی۔ دہلی سے فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے ، ترلوچن سنگھ وزیر نے اپنی بیوی کو ویڈیو کال کی تھی ، اس دوران ہرپریت بھی ٹی ایس وزیر کے ساتھ موجود تھا۔جمعرات کو دہلی پولیس نے ترلوچن سنگھ وزیر کی موت کے سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کیا جس کی سڑی ہوئی لاش دہلی کے بسائی درہ پور کے ایک فلیٹ سے ملی تھی۔