پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام محمدڈار نے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔جس دوران انہوںنے کئی ترقیاتی کاموں کا بھی افتتاح کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ اورچیف ہارٹیکلچر آفیسر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ترقیاتی کمشنر نے تکیہ واگام میں اعلیٰ معیاری سیب باغ کا معائنہ کیا اور کسانوں سے نئی باغبانی تیکنیک کے نظریہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے باغبانی شعبے کی ترقی کے لئے کسانوں کو تندہی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی اور اعلیٰ معیاری کاشتکاری کے لئے مختلف سکیموں سے استفادہ کرنے پر زوردیا۔ترقیاتی کمشنر نے نیوا میں تعمیر کیا گیا سپورٹس اسٹیڈیم مقامی نوجوانوں کو وقف کیا جو کہ محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے تعمیر کیا گیا ہے۔اس دوران ترقیاتی کمشنر نے بانڈر پورہ کاکہ پورہ میں 1.5کلومیٹر لمبی اری گیشن چینل کا سنگ بنیاد رکھا۔بعدمیں ترقیاتی کمشنر نے بڑی کوہل ہانجی محلہ بارگام ترال میں تعمیر کئے گئے ایک پُل اورسڑک کو بھی عوام کے نام وقف کیا۔