سوپور //محکمہ بجلی کا ملازم محکمہ کی غفلت اور لاپروہی کے نتیجے میں ترسیلی لائنوں کی مرمت کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے جھلس گیا اور زخمی ملازم کو علاج ومعالجے کےلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ علی محمد ولد محمد رمضان شیخ ساکن نوپورہ جاگیر ،احد بابا صاحب روڑ نور باغ میں ترسیلی لائین کی مرمت میں مصروف تھا،کہ اسی اثناءمیں بجلی کی سپلائی بحال ہوئی جسکی وجہ سے ملازم بجلی کرنٹ لگنے سے جھلس کر شدید زخمی ہوا جسے بعد میں علاج ومعالجے کےلئے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ محکمہ بجلی کی غفلت شعاری ہی جسکی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیاہے۔اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ نے جب سپرانٹنڈینٹ انجینئر پی ڈی ڈی سوپور سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ گذشتہ شام سوپور میں تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے ترسیلی لائنوں کو نقصان ہوا تھا اور ترسیلی لائن کو یہ ملازم ٹھیک کر رہا تھا تو اسی اثنا میں کسی کنبے نے انویٹر سے بجلی چھوڑ دی اور یہ ملازم کرنٹ کی وجہ سے زخمی ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اس حادثہ کی تحقیقات کر رہا ہے ۔