سرینگر//پولیس نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ جنوبی کشمیر کے ترال میں فورسز نے ایک جنگجو مخالف آپریشن کے دوران جن دو جنگجوﺅں کو جاں بحق کیا اُن میں انصار غزوة الہند نامی تنظیم کا چیف کمانڈر امتیاز شاہ بھی شامل ہے۔
پولیس نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انصار غزوة الہند کا چیف کمانڈر امتیاز شاہ ترال میں مارے گئے دو جنگجوﺅں میں شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے گذشتہ شام دعویٰ کیا تھا کہ امتیاز شاہ جنوبی قصبہ شوپیان میں جاری فورسز آپریشن کے دوران محصور ہے جہاں ابھی تک معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل آج صبح جنوبی ضلع پلوامہ کے سب ضلع ترال میں فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین جومعرکہ آرائی شروع ہوئی اس کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔
یہ معرکہ آرائی ترال قصبہ سے تین کلو میٹر دورنئی بھگ اور امیر آباد کے درمیان کھیت میں جمعہ کی صبح ساڑھے سات بجے کے قریب گولیوں کے تبادلے کے ساتھ ہی شروع ہوگئی۔
علاقے کو گذشتہ شام فوج کے 42آر آر، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے محاصرے میں لیا تھا اور آج صبح محاصرے کے دوران ہی تصادم شروع ہوگیا۔