ترال اور چرارشریف میں ژالہ باری | میوہ باغات اور فصلوں کوزبردست نقصان

ترال+کولگام// جنوبی قصبہ ترال اور وسطی ضلع بڈگام کے کئی دیہات میں شدید ژالہ باری ہوئی جس کے باعث میوہ جات اور کھڑی فصلوں کو  نقصان پہنچا ۔ ترال قصبہ میں منگل کودو بجے کے قریب شدید ژالہ بھاری ہوئی جس کے نتیجے میں میوہ باغات اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ پنیر جاگیر،بٹنور،کار مولہ،بسمئی اوربرن پتھری سمیت کئی علاقوں میں کئی منٹوں تک شدیدژالہ باری ہوئی ۔مقامی لوگوں کے مطابق ان علاقوں میں میوہ باغات،سبزیوں اوردیگر فصلوں کوسخت نقصان پہنچا ۔ خیال رہے کہ علاقے میں گزشتہ دنوں بھی ژالہ باری سے فصلوں کو  نقصان پہنچا تھا۔ ادھر کولگام کے کئی دیہات میںکل شدید ژالہ باری سے میوہ جات و دیگر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔مالون،چندر گی ،بانی مولہ ،کھلورہ اور دیگردیہات میں سہ پہر4بجے شدید ژالہ باری ہوئی اور 10منٹوں تک ہوئی ژالہ باری کے نتیجے میںمیوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ چرارشریف بڈگام اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے میوہ جات و دیگر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ گیا ۔