ڈوڈہ //چرالہ سنارٹھاوا سڑک کی خستہ حالی و تعمیراتی ایجنسی کی عدم توجہی پر مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں کی تباہ کن بارشوں سے سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ بن گئی ہے اور جگہ جگہ گہرے کھڈے و دلدل بن گیا ہے جس کے باعث مسافروں و عام راہگیروں کو سفر کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چرالہ ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے ایک وفد زیر قیادت محمد امین چیئرمین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا نکاسی نظام و دیواریں نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر مقامات پر دلدل و بھاری پھسلن پیدا ہوئی ہے اور جہاں سے گاڑیوں کو دھکے دے کر نکالا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکواٹر کو جوڑنے والی سڑک بولین سے آگے بہت خراب ہے اور میر پور نالہ، بلوریہ نالہ،گوستی، بنولہ و ڈگی نالہ کے پانی سڑک کا رخ اختیار کر رہا ہے۔صدر نصیر احمد نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کی زیر نگرانی تعمیر ہوئی سڑک پر مرمت کے کام میں تاخیر برتی جارہی ہے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ سے ترجیح بنیادوں پر سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔