منڈی//بدھ کو تحصیل کمپلیکس منڈی میں مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے 9 ملازمین کوڈ مثبت پائے گئے جس کی وجہ سے تحصیل کمپلیکس کو عام لوگوں کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق منڈی تحصیل کمپلیکس میں موجود مختلف سرکاری دفاتر میں تعینات 9ملازمین کے کوڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کی وجہ سے کمپلیکس کو انتظامیہ کی جانب سے اگلے حکم تک عام لوگوں کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیاہے۔ تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف نے بتایا کہ کمپلیکس میں جزوی طور پر کام کاج جاری رہے گا۔ انہوں نے تحصیل منڈی کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ صرف ضروری کام کیلئے ہی تحصیل کمپلیکس کا رخ کریں ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو تحصیل دفاتر میں اپنے بچوں کے سکول داخلے یا کوئی دوسرے ضروری کاغذات لینے ہوں وہ آفسران اور ان کے ساتھ فون کے ذریعہ رابطہ کریں تاکہ انہیں کوڈ پروٹوکال کے ذریعہ ہی دفتروں میں بلایا جا سکے۔ تحصیلدار موصوف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جموں کشمیر بینک شاخ منڈی کے چار ملازمین کو بھی کوڈ مثبت پائے گئے تھے اور آج بینک شاخ کو کوڈ ایس او پیز کے تحت سینٹایز کیا گیا اور عوام کیلئے بینک شاخ کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح تحصیل کمپلیکس کو بھی سینٹایز کیا جائے گا۔ اس کے بعد ہی عام لوگوں کوکمپلیکس میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ملازمین کو کوڈ مثبت پایا گیا ہے وہ لوگوں کے کام آن لائن گھر سے ہی سنبھالیںگے۔ شہزاد لطیف خان نے عوام سے کوڈ ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے کی اپیل کی ہے تاکہ اس چین کو توڑا جا سکے۔