پونچھ//تحصیلدار حویلی، نائب تحصیلدار حویلی پونچھ، چیف ایگزیکٹو آفیسرمحکمہ میونسپل کونسل پونچھ نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر پونچھ بازار کا دورہ کر کے صورتحال کا معائینہ کیا ۔آفیسران نے دکانداروں کی جانب سے کئے گئے ناجائز تجاوزات کو ہٹایا اور دکان داروں کو انتباہ دیا کہ اگر دوبارہ تجاوزات کئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اپنے دورے کے دوران افسران نے بازار میں لگائی گئی گاڑیوں کو بھی وہاں سے نکالا اور ان کو بھی ہدایت کی کہ وہاں گاڑیاں پارک نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اس سے بازار میں لوگوں کو چلنے میں دشواریاں آتی ہیں۔افسران نے صارفین اور دکانداروں کو ماسک پہن کے رکھنے سماجی دوری بنائے رکھنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے جبکہ تیسری لہر کے آنے کا بھی خدشہ ہے اس لئے تمام لوگوں کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں۔ دورے کے حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشتاق احمد نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر بازار میں غیرقانونی تجاوزات کو ہٹانے کے سلسلہ میں ان کا محکمہ کی جانب سے ہر روز بازار چیک کیاجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا خصوصی دورہ انہوں نے تحصیلدار اور نائب تحصیلدار حویلی کے ہمراہ لگایا جہاں پر انہوں نے دکانداروں اور صارفین کو ضروری ہدایات دی۔