سرینگر//تحریت حریت ضلع سرینگر کا ایک تربیتی اجتماع ضلعی دفترسرینگر میں صدرِ ضلع سرینگر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ارکان، ہمدردان اور کارکنان نے شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کا فریضہ برادر حافظ مدثر ندوی نے دیا ، جبکہ درس قرآن کا فریضہ صدرِ ضلع محمد رفیق اویسی نے انجام دیا جس میں انہوں نے سامعین کو اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے اور ایسے کاموں سے اجتناب برتنے کی تلقین کی جو اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا سبب بنتا ہو۔انہوں نے ارکان کو دینی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو سوارنے کی فہمائش کے ساتھ ساتھ معاشرے میں پھیلائی جارہی منشیات، شراب، اخلاقی بے راہ روی اور دیگر برائیوں کے سدّباب کے حوالے سے قوم میں بیداری پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کو ایک منصوبہ بند طریقے پر اخلاق کے زوال کی طرف دھکیلا جارہا ہے، جس کے لیے ریاست کے وسائل کو بھی بروئے کار لایا جارہا ہے۔ اس لیے ہم پر یہ اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت سماج میں پھیلی تمام برائیوں کو ختم کرنے کے لیے رائے عامہ کو منظم کریں۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تحریک حریت کے ذمہ دار ایڈوکیٹ ارشد اندرابی نے ’’مسئلہ کشمیر اور بین الاقوامی قراردادیں‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے اور اس کا حل نہ صرف ضروری ہے، بلکہ ناگزیر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اقوامِ متحدہ کی پاس شدہ قراردادوں میں ہی مضمر ہے۔ جموں کشمیر کے عوام پچھلے 70سال سے ان قراردادوں کو عملانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، مگر بھارت طاقت کے نشے میں چور ہم کو ظلم کا نشانہ بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پر یہ اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان قراردادوں کو عملانے میں اپنا تعاون پیش کرے، کیونکہ انہوں نے اقوامِ عالم کے سامنے اس بات کا وعدہ کیا ہے۔ اجتماع کا اختتام حافظ مدثر احمد ندوی کی رقعت آمیز دُعا پر ہوا۔