سوپور//شمالی کشمیر سوپور کے مضافات میں تجر شریف گائوںمیں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین ایک خونریز معرکہ آرائی میں شمالی کشمیر میں سب سے پرانا جنگجو جاں بحق ہوا ، جو البدر مجاہدین کا چیف کمانڈر بتایا گیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق دو جنگجو فرار ہوئے تاہم پولیس کی جانب سے اسکی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔
تصادم کیسے ہوا؟
پولیس نے بتایا کہ انہیں تجر شریف گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی ی مصدقہ طور پر اطلاع ملی تھی جس کے بعد 22آر آر اور179بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر آپریشن کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ فورسز کی مختلف ٹکڑیوں کو گائوں کے چاروں اطراف بھیج دیا گیا اور اسکی ناکہ بندی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تصادم آرائی ممکنہ طور پر طول پکڑنے کے خدشے کے پیش نظر روشنی کا انتظام کرنے کیلئے جنریڑ بھی دستیاب رکھے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ جب شام دیر گئے گائوں کا محاصرہ کیا جارہا تھا اور ممکنہ مقام کی گھیرا بندی کی جارہی تھی تو یہاں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کی جس کے بعد طرفین میں گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا ۔پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا، جس کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جاسکی تاہم بعد میں ممکنہ طور پر جاں بحق جنگجو کے اہل خانہ کو بلایا گیا جنہوں نے اسکی شناخت کرلی۔انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا ہے کہ تجر شریف میں البدر مجاہدین کا سربراہ مارا گیا جو سیکورٹی فورسز کے لئے اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکی شناخت عبدالغنی خواجہ ولد مختار احمد خواجہ ساکن خواجہ محلہ کرالہ گنڈ ہندوارہ کے بطور ہوئی ہے۔آئی جی پی نے مزید کہا کہ یہ سیکورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی ہے ، یہ آپریشن ایک خاص اطلاع پر صاف ستھرا کیا گیا ، جسے پولیس نے انجام دیا۔ادھر ضلع پولیس حکام نے کہا ہے کہ خواجہ شمالی کشمیر میں سب سے دیرینہ سرگرم جنگجو تھا جو قریب 15برسوں سے سرگرم رہا اور مختلف جنگجو تنظیموں کیساتھ وابستہ رہا۔وہ گرفتار ہوکر جیل بھی گیا اور رہائی کے بعد پھر سے سرگرم ہوا۔
شوپیان اور سمبل میں محاصرے
۔6بستیوں میں تلاشیاں
شاہد ٹاک+ارشاد احمد
شوپیان+گاندربل//سیکورٹی فورسز نے شوپیان کے مزید 3دیہات کا منگل کو شبانہ محاصرہ کیا گیا جبکہ سمبل سونا واری کی تین بستیوں میں بھی تلاشیاں لی گئیں۔منگل کی شام 7بجے ڈی کے پورہ امام صاحب کا 34آر آر ، 178سی آر پی ایف اور پولیس نے محاصرہ کیا اور رات گئے رات تلاشیاں لیں۔رام نگری شوپیان کا شام ساڑھے 6بجے 62آر آر،14بٹالین سی آر پی ایف محاصرہ کیا گیا اور یہاں بھی دیر رات گئے تھے تلاشی آپریشن جاری تھا۔حاجی چیک کیگام نامی گائوں کا پیر کی شب قریب 10جے 44آر آر نے محاصرہ کیا اور تلاشیاں لیں۔
ادھرسمبل کے وانی محلہ، شاہ محلہ اور مین بازار کا منگل کی علی الصبح سیکورٹی فورسزنے مشتبہ افراد موجود ہونے کے نتیجے میں محاصرہ کیا۔ ان علاقوں کی رابطہ سڑکوں کوخار دار تاریں بچھاکر بند کرکے فورسز نے گھر گھر تلاشی لینی شروع کی، ساتھ ہی کئی جگہوں پر راہگیروں کو روک کر انہیں قطاروں میں کھڑا کرکے ان کی شناختی پریڈ کروائی گئی۔ محاصرہ دوپہر تک جاری رہا اور پھر پرامن طور پر ہٹادیا گیا ۔