کنگن //تحصیل گنڈ کے تانترے محلہ سے ہاکنار گنڈ مولوی سڑک پر گزشتہ 8 برس سے کام بند پڑا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کی وسیع آبادی کے لوگوں کو گونا گو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تانترے محلہ گنڈ سے ہاکنار تک جو سڑک محکمہ آر اینڈ بی نے تعمیر کی ہے اس پر صرف 95 فیصد کام مکمل کیا گیا لیکن جو 5فیصد سڑک کا کام باقی رہ گیا ہے اس کی تعمیر مکمل نہ ہونے سے لوگوں کو عبور ومرور میں سخت ترین مشکلات پیش آتی ہیں ۔ غلام محیٰ الدین تانترے نامی ایک شہری کے مطابق وہ اس تعلق سے کئی بار لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں سے بھی ملے ،جنہوں نے محکمہ آر اینڈ بی کے افسران پر لکھ کر دیا کہ سڑک پر جو 5فیصدکام ادھورہ گیا ہے اس کی تعمیر جلد شروع کی جائے لیکن اس پر بھی کوئی عمل نہیں کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اگر اس وسیع آبادی میں آگ کی واردات رونما ہوجائے تو یہاں فائر برگیڈ کی گاڑی بھی نہیں آسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دروان بھی لوگوں کو عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال ایس ڈی ایم حکیم تنویر سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔