سرینگر// وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی واقع ہونے سے سردی میں قدرے اضافہ درج ہوا ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 15 مارچ تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے محکمہ کے مطابق وادی میں 15 مارچ تک میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری متوقع ہے، تاہم 11 سے 13 مارچ تک موسم زیادہ خراب رہ سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خراب موسمی حالات کے باعث کشمیر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے۔ خراب موسمی حالات کے پیش نظر باغ مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ 15 مارچ تک اپنے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کریں۔ وادی کشمیر میں منگل کی شام سے ہی برف وباراں کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے۔متعلقہ محکمہ کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 25سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ خراب موسمی حالات کے باعث درجہ حرارت میں بھی گراوٹ درج ہوئی ہے جس سے سردی میں قدرے اضافہ درج ہوا ہے اور لوگوں نے سری سے بچنے کے لئے جہاں گرم لباس ایک بار پھر زیب تن کرنا شروع کر یئے ہیں وہیں دفاتر، کام کی جگہوں اور دکانوں میں بھی گرمی کے لات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔