جموں/ جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی کی میٹنگ یہاں ایم ایل اے محمد یوسف تاریگامی کی صدارت میںمنعقد ہوئی جس دوران ریاست میں بجلی کی صورت حال اور کئی علاقوں میں اس کی قلت کا جائزہ لیا گیا۔ارکان قانون سازیہ محمد یوسف بٹ ، شیخ اشفاق جبار ، سید محمد باقر رضوی ، دلیپ سنگھ پریہار ، اعجاز احمد میر، دویندر کمار منیال ، بشیر احمد ڈار اور راجیش گپتا نے میٹنگ میں شرکت اور محکمہ بجلی کے کام کاج میں بہتری لانے اور اپنے اپنے علاقوں میں بجلی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔کمیٹی کاجانکاری دی گئی کہ آلسٹینگ 320میگاواٹ اور بڈگام 160میگاواٹ بجلی پروجیکٹوں کا 85فیصد مکمل کیا جاچکا ہے اور باقی ماندہ کام اگلے 8یا 9مہینوں میںمکمل کیا جائے گا۔کمیٹی نے افسروں پر زور دیا کہ وہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے لازمی اقدامات کریں۔انہوں نے جموںمیں ہاتھ میںلئے گئے بجلی پروجیکٹوں میں سرعت لانے پر زور دیا۔ کمیٹی نے شوپیاں ضلع میں بجلی کی صورتحال میں بہتر ی لانے کی غرض سے تمام اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت دی ۔اس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ لیہہ اور کرگل میں دو گرڈ سٹیشن تعمیر کئے جارہے ہیں جو آلسٹینگ پاور سٹیشن سے بجلی لائن حاصل کریں گے ۔کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زانسکار خطے کی طرف بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہاں کے لوگوں کی راحت رسانی ہوسکے۔کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیشن کمار سنگھ، ایم ڈی جے کے پی ڈی سی ڈاکٹر شاہ فیصل کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔