نئی دہلی//نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے مردآہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو اپنا مثالی لیڈر قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ مسٹر پٹیل نے جدید ہندوستان کی تعمیر اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانے میں ملک کی بے لوث خدمت کی ہے لیکن ان کی خدمات کو نظر انداز کیا گیا ۔ مسٹر نائیڈو نے آج سردار پٹیل کی 142 ویں جینت¸ پر نہرو میوزیم اور لائبریری کے زیر اہتمام 'گاندھی وادی قومیت کی تعمیر اور سردار پٹیل کی زندگی' کے موضوع پر منعقد قومی سیمینار اور تصاویر نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر امور ثقافت کے مرکزی وزیر مہیش چندرورما ، لائبریری کے صدر لوکیش چندر اور ڈائرکٹرشکتی سنگھ بھی موجود تھے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ مسٹر پٹیل ان کی طالب علمی کے زمانے سے ہی ان کے لئے متاثر کن اور مثالی شخصیت رہے ہیں اور وہ ان کے لئے ایک عظیم مینار کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے 500ریاستوں کا ہندوستان کے ساتھ الحاق کیا۔ انہوں نے ہی ملک کی تعمیرمیں کلیدی کردار اداکیا تھا۔ اگر وہ نہیں ہوتے تو یہ تمام ریاستیں پاکستان کے ساتھ ضم ہو سکتی تھیں یا آزاد رہ سکتی تھیں۔ مسٹر پٹیل کی وجہ سے ہی ان ریاستوں کا ہندوستان میں انضمام ہوا اور وہ بھی بغیر کسی خون خرابے کے جبکہ یہ بہت مشکل کام تھا۔ نائب صدرجمہوریہ ایم وینکئیا نائیڈو نے کہا کہ مسٹر پٹیل نے ملک کےلئے بے لوث خدمات انجام دی ہیں کیونکہ یہ ان کا مشن تھا جبکہ آج کے لیڈر کمیشن کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بے حد بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کو ایک دھاگے میں پرونے میں اور اس کی تعمیر میں مسٹر پٹیل کے کارناموں کاتاریخ میں مکمل طورپر ذکر نہیں کیاگیا۔