پونچھ//خطہ پیر پنچال کی عوام نے لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے مغل شاہراہ عام لوگوں کی آمد ورفت کیلئے کھولنے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل سے عام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ خطہ پنچال کو کشمیر کے ساتھ جوڑنے والی تاریخی مغل شاہراہ کو اگرچہ کافی عرصہ پہلے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بحال کیا گیا تھا لیکن ابھی تک اس سڑک پر عام لوگوں کو سفر کرنے پر پابندیاں لگائی گئی تھی اس دوران عام لوگوں کو صرف ان مریضوں کو سفر کرنے کی اجازت تھی جن کو انتظامیہ کی جانب سے اجازت دی جا رہی تھی یا پھر مالبردار گاڑیوں کو اس طرف سے چلنے دیا جا رہا تھا۔ اب جب لیفٹیننٹ گورنر ایس کے سنہا نے 5 جولائی سے اس سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت کو مکمل طور پر بحال کرنے کا فیصلہ سنایا ہے تو لوگ اس کی سراہانہ کر رہے ہیں ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلعی صدر انجینئر محمد رفیق چشتی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے جو بھی فیصلے لئے جاتے ہیں وہ عوام کے حق میں بہتر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سڑک پر ابھی تک پابندی رکھی گئی تھی تو وہ عوام کی بہتری کیلئے رکھی گئی تھی اب جب اس سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی جا رہی ہے اس میں بھی عوامی بہتری ہوگی۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بروقت ایک اچھا فیصلہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کافی لوگوں کا کاروبار صرف اس سڑک کی بحالی تک محدود ہے سڑک بند ہونے کے بعد وہ کاروبار بھی بند ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کاروباریوں کو بڑا نقصان ہو رہا تھا اب جب سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہورہی ہے تو وہ بھی راحت حاصل کریں گے۔سماجی کارکن ناہید اختر نے بھی لیفٹیننٹ گورنر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغل شاہراہ پر عام لوگوں کی آمدورفت بحال ہونے سے سڑک کے کناروں پر آباد لوگ جو کافی عرصہ سے بے روزگار ہوگئے ہیں ان کو روزگار حاصل ہو گا۔