سری نگر//جموں وکشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں آگ کی ایک پُر اسرار واردات کے دوران تاریخی شیر وانی ہال خاکستر ہوا ہے
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتوار بعد دوپہر شیر وانی ہال بارہ مولہ کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مقامی لوگوں،فوج، پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران تاریخی شیر وانی ہال خاکستر ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گیس سلنڈر پھٹ جانے کے نتیجے میں شیر وانی ہال میں آگ نمودار ہوئی تاہم پولیس نے بتایا کہ اس حوالے سے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
دریں اثنا بارہ مولہ میونسپل کونسل کے چیرمین توصیف رینا نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ تاریخی شیر وانی ہال آگ کی واردات کے دوران خاکستر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کی تمام سرکاری و غیر سرکاری تقریبات اسی شیر وانی ہال میں ہوتی تھی لیکن بدقسمتی سے گیس سلنڈر پھٹ جانے کے نتیجے میں عمارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہ مولہ سے عمارت کو از سر نو تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
معروف ایڈوکیٹ مدثر نقشبندی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کے روز تاریخی شیر وانی ہال آگ کی واردات کے دوران خاکستر ہوا ۔
انہوں نے بتایا کہ اس عمارت کو جدید طرز پر تعمیر کرنے کی خاطر انتظامیہ کو فوری طورپر اقدامات اُٹھانے چاہئے۔
علاوہ ازیں پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔