کپوارہ// کپوارہ کے تارت پورہ رامحال اور کرالہ پورہ کے رسیونگ اسٹیشن کئی سالو ں سے تشنہ تکمیل ہیں جس کی وجہ ان علاقوں میں بجلی سپلائی میں باربار خلل پڑ جاتا ہے جبکہ لولاب وادی میں بجلی کی آنکھ مچولی سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔تارت پورہ رامحال کے مضافات کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ 8سال قبل تارت پورہ میں ایک رسیونگ اسٹیشن کا کام ہاتھ میں لیا گیا تاکہ علاقہ کے لوگو ں کو بلا خلل بجلی سپلائی فراہم کی جائے لیکن 8سال کا عرصہ گزر جانے کے باجود بھی تارت پورہ رسیو نگ اسٹیشن ہنوز مکمل نہیں ہوا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ رسیونگ اسٹیشن کا باقی کام اگرچہ مکمل کیا گیا تاہم ابھی تک مذکورہ رسیونگ اسٹیشن میں بجلی ٹرانسفار مر نصب نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ڈولی پورہ ویلگام میں قائم رسیونگ اسٹیشن پردباء زیادہ ہوتا ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ بجلی نے بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے تارت پورہ میں ایک الگ رسیونگ اسٹیشن قائم کیا اور لوگو ں کو یقین دلایا گیا بہت کم عرصہ میں مذکورہ رسیونگ اسٹیشن کو مکمل کیا جائے گا لیکن تاحال بھی مذکورہ رسیونگ اسٹیشن کو مکمل نہیں کیا گیا ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ اب جب کہ جاڑے کا موسم شروع ہونے جارہا ہے اور علاقہ میں پھر سے بجلی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے اور موسم سرما شروع ہوتے ہیں اس علاقہ میں بجلی کا انوکھا کٹوتی شیڈول جاری کیا جاتا ہے جس کے تحت صارفین کو 24گھنٹو ں میں محض 3سے 4گھنٹہ بجلی نصیب ہوتی ہے ۔اس دوران کرالہ پورہ علاقہ کے راوت پورہ پنزگام رسیونگ اسٹیشن کی حالت بھی تارت پورہ رسیونگ اسٹیشن سے مختلف نہیں ہے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ کرالہ پورہ میں گزشتہ ایک دہائی سے بجلی کا سخت بحران ہے جس کے بعد اس وقت کی سرکار نے کرالہ پورہ میں قائم رسیونگ اسٹیشن کا درجہ بڑھا کر اس میں بڑے صلاحیت والے ٹرانسفارمر کو نصب کیا تاکہ بجلی سپلائی میں سد ھار آسکے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ کرالہ پورہ رسیونگ اسٹیشن کا درجہ بڑھانے سے صارفین کو کوئی بھی فائدہ نہیں مل سکا جس کے بعد راوت پورہ پنزگام میں ایک الگ ریسونگ اسٹیشن کا افتتاح کیا گیا اور 7سال میں رسیونگ اسٹیشن کو مکمل تو کیا گیا لیکن ابھی تک بجلی ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے کرالہ پورہ رسیونگ اسٹیشن اکثر و بیشتر اوور لوڈ ہوتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں بجلی کی صوتحال ابترہو جاتی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں اگرچہ صارفین کو بجلی کی سہولیات میسرہوتی ہے تاہم موسم سرما شروع ہوتے ہی بجلی سپلائی میں بے تحاشہ کٹوتی کی جاتی ہے ۔تارت پورہ اور راوت پورہ پنزگام کے لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ان رسیونگ اسٹیشنو ں میں ٹرانسفارمرو ں کو نصب کیا جائے تاکہ صارفین کو بلاخلل بجلی سپلائی فراہم کی جائے گی ۔اس دوران وادی لولاب کے دیور ،ٹکی پورہ ،ڈورسہ ،لال پورہ ،سوگام اور دیگر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے ۔مقامی لوگو ں نے محکمہ بجلی کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی آنکھ مچولی کے نتیجے میں جہا ں عام لوگو ں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیںآنے والے امتحانات میں شامل ہونے والے طلبہ کو بھی پریشانی کا سامنا کرناپڑے گا ۔مقامی لوگو ں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ آفیسران سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگو ں کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔
تارت پورہ اور کرالہ پورہ رسیونگ اسٹیشن کئی برس سے تشنہ تکمیل | لولاب میں بجلی کی آنکھ مچولی ،مقامی لوگ محکمہ بجلی سے نالاں
