سرینگر //نمائندہ عظمیٰ //کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور تاجروں کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کے دائرے میں لانے کیلئے محکمہ ڈرگس اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی جانب سے فروٹ منڈی پارمپورہ میں ایک خصوصی لائسنس کم رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ نیو کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن کی حمایت سے شروع کئے گئے اس کیمپ کے دوران تاجروں کو موقع پر ہی کل 43 لائسنس اور 20 رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے جن میں بنیادی طور پر پھلوں اور سبزیوں کے ہول سیل ڈیلرز شامل تھے۔ایسوسی ایشن کے ممبران کو کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگس جموں وکشمیر نے سبزی اور پھل فروخت کرنے والوں کو لائسنس نمبر کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہیں یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے احاطے کو صاف ستھرا رکھیں اور سڑے ہوئے پھلوں اور سبزیوں کو مقررہ جگہوں پر تلف کریں۔ نیو کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن کے ممبران نے لائسنس اور رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی سراہنا کرتے ہوئے محکمہ فوڈ سیفٹی کو یقین دلایا کہ صارفین کو محفوظ اور صحت بخش پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی کو یقینی بنانے میں محکمہ کے ساتھ تعاون کریںگے ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ ضلع سری نگر کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے سہولت کاری اور بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
تاجروں کو فوڈ سیفٹی ایکٹ کے دائرے میں لانے کی پہل
