سرینگر//گپکار الائنس نے کہا ہے کہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) کو ہر لحاظ سے تشکیل دینے کے انتظامیہ کے تازہ ترین فیصلے کا مقصد صرف اس خطے میں جابرانہ نظام کو مضبوط کرنا ہے۔ الائنس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بے لگام اختیارات کے ساتھ بااختیار ایک اور ایجنسی کی تشکیل شہریوں کے جمہوری حقوق اور شہری آزادی پر ایک اور حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر ان ایجنسیوں اور قوانین کو ان شہریوں کے خلاف ہتھیار بنایا جا رہا ہے جو حکومت سے مختلف نقطہ نظر رکھتے ہیں،ایسی ایک اور ایجنسی کو شامل کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ جب پہلے ہی این آئی اے اور یو اے پی اے نے ان ظالمانہ اقدامات کا غلط استعمال کرکے لوگوں میں تباہی مچا رکھی ہے۔الائنس بیان کے مطابق جموں و کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اسے سیاسی رسائی کی ضرورت ہے، جو کچھ کرنے کی ضرورت تھی وہ ریلیف فراہم کرنا تھا نہ کہ ایسے سخت اقدامات میں کوئی اضافہ، جو ان کی بیگانگی کو مزید گہرا کرنے کا موجب بنے۔الائنس نے ماضی میں بھی ایسے تمام قوانین کی مخالفت کی تھی اور آئندہ بھی کرے گی،یہاں تک کہ ملک کے نامور ماہرین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر حکومت کی طرف سے منظور کیے جانے والے سخت قوانین پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، ان قوانین کو مخالفین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، جمہوریت کے دفاع کی لڑائی میں ان ظالمانہ قوانین سے چھٹکارا پانے کی جدوجہدکی جانی چاہیے۔
بے لگام اختیارات کیساتھ بااختیار ایک اور ایجنسی کی تشکیل
