سرینگر// جماعت اسلامی ،جمعیت اہلحدیث اور کاروان اسلامی نے حملے کی کڑی الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس طرح کی حرکات کو بزدلانہ قرار دیا ہے۔جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ ایسے واقعات صرف وہی لوگ انجام دے سکتے ہیں جو ذہنی طور پر دیوالیہ ہوچکے ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حملے میں انسانی جانوں کے تلف ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تمام انصاف پسند اورباضمیر لوگوں کوآگے آکر واقعہ کی کسی بین الاقوامی ادارے کے ذریعے حقائق معلوم کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے پر زور دیتی ہے تاکہ اسلام جیسے نظام رحمت کو بدنام کرنے کا کسی اسلام دشمن قوت کو موقعہ میسر نہ ہو۔جماعت ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے غیر انسانی اور بے رحمانہ واقعات کی اسلام میں قطعی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔جن مشکوک حالات میں یہ واقعہ رونما ہوا اُن سے اُن عناصر کے کشمیر دشمن منصوبے عیاں ہوجاتے ہیں جو وہ کشمیر اور کشمیری مسلمانوں کو بدنام کرنے میںدن رات انجام دے رہے ہیں۔ جمعیت اہلحدیث نے گہرے فکرو تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے دل خراش واقعات انسانی قلوب کو چھلنی بنا دیتے ہیں ۔بیان کے مطابق یہ واقعہ اسلامی اور اخلاقی اقدار کے منافی اور ہماری اعلی روایات پر کاری ضرب ہے۔ کاروانِ اسلامی کے امیر غلام رسول حامی نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بے گناہ لوگوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کے قتل عام کی اجازت کی کوئی بھی گنجائش نہیں ہے ۔انہو ں نے کہا کہ عام شہریوں کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، اس لئے یاتریوں پر کئے گئے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔