جموں //نیشنل کانفرنس کے ریاستی سیکرٹری و سابقہ وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے ہفتہ کے روز منقسم طاقتوں کے خلاف ووٹ سے ایک فیصلہ کن جنگ لڑنے کے لئے کہا ہے۔ایک بیان کے مطابق سلاتھیہ وجے پور اسمبلی حلقہ کے رام گڑھ، سوانکا اور بجرانی بڑی براہمناں میں جموں ۔پونچھ پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار رمن بھلہ، جسے این سی کی حمایت حاصل ہے،کی حمایت میں منعقدہ متعدد عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی غیر یقینی اور مختلف طبقوں کے درمیان پھیلی بد اعتمادی کے ماحول کی وجہ سے لوگ سیکولر طاقتوں کی طرف امید لگائے ہوئے بیٹھے ہیں۔انہوں نے سابقہ پی ڈی پی۔بی جے پی سرکار کو ریاست کے لئے بد ترین دور سے تعبیر کیا ہے ،جس دوران ریاست کی ترقی میں روکاوٹ آگئی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں ہر محاذ پر ناکام رہی ہے اور الزام لگایا کہ جموں خطہ کے ساتھ امتیاز برتا گیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساڑھے تین سالوں نے ریاست کو پسماندہ کر دیا ،جسکی وجہ سے لوگوں کو تمام محاذوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے لوگوں سے رمن بھلہ کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ رمن بھلہ کو دیا گیا ووٹ سیکولر طاقتوں کی کامیابی ہوگی۔ پونچھ پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار رمن بھلہ نے اس موقعہ پر لوگوں سے انکے حق میں ووٹ ڈالنے کی تلقین کی،تاکہ لوک سبھا میں جموں کی صیح نمائندگی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد ا ن کا کام جموں حلقہ کی تیزی سے ترقی ہوگی جسے گُذشتہ پانچ سالوں میں غلط نمائندگی کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے بی جے پی پر سماج کو بانٹنے اور لوگوں میں بد اعتمادی پھیلانے کا الزام لگایا ۔ اجتماعات میں سرپنچوں ،پنچوں اور کارپوریٹروں کے علاوہ این سی ار کانگریس پارٹی کے متعددلیڈروں نے بھی شرکت کی۔