عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کانگریس کی سابق سکریٹری اور سابق ایم ایل اے امیدوار، کاجل راجپوت، کئی سینئرکانگریس لیڈروں اور سینکڑوں حامیوں کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئیں۔ یہ شمولیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی موجودگی میں جموں کے تریکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ہوئی۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور پربھاری جموں و کشمیر بی جے پی ترون چُگ،جموںوکشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما، جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول، جنرل سکریٹری اور ایم ایل اے رام گڑھ ڈاکٹر دیویندر کمار منیال، جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ وبود گپتا، ڈی ڈی سی چیئرپرسن کرنل مہان سنگھ، ایم ایل اے بسوہلی درشن سنگھ، سابق ایم ایل اے جیون، ڈی ڈی سی نارائن دت ترپاٹھی، ڈی ڈی سی نیرو راجپوت، ڈی ڈی سی ریتا ٹھاکر، ضلع صدر گوپال کرشن اور دیگر نے اس موقع پر نئے آنے والوں کا خیرمقدم کیا۔نئے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے، ترون چُگ نے بی جے پی کے “نیشن فرسٹ، پارٹی سیکنڈ اور سیلف لاسٹ” کے بنیادی اصول پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف ایک سیاسی پارٹی نہیں ہے بلکہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری خاندان ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے قومی یکجہتی، سالمیت اور ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ ایمرجنسی کے دوران بی جے پی کارکنوں کی قربانیوں اور پچھلی حکومتوں کے دوران جموں و کشمیر میں چیلنجنگ سیاسی ماحول کو یاد کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “ہمیں آزادی کے بعد بھی ترنگا لہرانے یا وندے ماترم کا نعرہ لگانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ لیکن ہم نے جمہوریت کے لیے لڑنا کبھی نہیں چھوڑا‘‘۔چگ نے علاقے کے سیاسی کلچر کو تبدیل کرنے میں بی جے پی کے تعاون کو سراہا اور نئے ممبران سے پارٹی کے مشن کو پورا کرنے کے لیے فعال طور پر کام کرنے کی اپیل کی۔بی جے پی کے ریاستی صدر ست شرما نے کاجل راجپوت اور دیگر لیڈروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس بدعنوانی اور بے عملی کا مترادف ہو گئی ہے۔ 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملے کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کانگریس کی قیادت والی حکومت کو اس کے کمزور ردعمل پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس کے برعکس، انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی فیصلہ کن قیادت کو اجاگر کیا، جس کے تحت پاکستان اپنے دہشت گردی کے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور تھا۔ شرما نے لوگوں کو ڈیجیٹل طور پر بی جے پی میں شامل ہونے اور قوم پرست تحریک کا حصہ بننے کی ترغیب دی۔اشوک کول نے کہا کہ بی جے پی صرف الیکشن جیتنے والی مشین نہیں ہے۔ یہ ایک نظریاتی تحریک ہے جس کی جڑیں قوم کی خدمت میں گہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر نیا کارکن، خاص طور پر بی جے پی کے صاف ستھرے اور قوم پرست ایجنڈے کو سمجھنے کے بعد دوسری پارٹیوں میں شامل ہونے والے، ایک مضبوط سماج کی تعمیر کے ہمارے مشن میں نئی توانائی ڈالتے ہیں۔