جموں //گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے جے کے گورنرس گریونس سیل کے تحت جموں میں ایک عوامی دربار منعقد کیا جس دوران 110 وفود سمیت 1200 لوگوں نے اُن سے ملاقات کر کے اپنے مسائل اور مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے ۔ آٹھ گھنٹے طویل اس دربار میں کٹھوعہ ، سانبہ ، راجوری ، ریاسی ، ڈوڈہ ، اودھمپور ، پونچھ ، رام بن اور کشتواڑ سے آئے عوامی وفود کے علاوہ ملازمین انجمنوں ، سماجی اداروں ، غیر سرکاری تنظیموں ، تاجروں ، کشمیری مائیگرنٹوں ، سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں پر مشتمل وفود نے اپنے مطالبات مشیر موصوف کے سامنے رکھے ۔ جے اینڈ کے کواپرئٹو یونین لمٹیڈ کے وفد نے کعواپریٹو سوسائیٹی ایکٹ کے مطابق تربیتی پروگرام کی بحالی کا مطالبہ کیا ۔ مختلف محکموں میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد نے اپنی مستقلی کی مانگ کی جبکہ ریاستی سپورٹس کونسل میں سپورٹس انسٹرکٹر کی حثیت سے کام کرنے والے افراد نے وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت اپنی نوکری کی مستقلی کا مطالبہ کیا ۔ سٹون کریشرس ایسوسی ایشن کے وفد نے کریشنگ بلاکس کی نیلامی کیلئے ای ٹینڈرنگ کا مطالبہ کیا ۔ دیگر کئی وفود اور افراد نے بھی اپنے مسائل کے حل میں بی بی ویاس کی مداخلت طلب کی ۔ عوامی دربار کے دوران نارتھ زون اکاؤنٹینسی ٹریننگ انسٹی چیوٹ ،جے اینڈ کے ورکس سُپر وائیزر ایسوسی ایشن ، وائین ٹریڈرز ایسوسی ایشن ، میڈیکل ایمپلائیز ایسوسی ایشن ، بارڈر یونائیٹڈ فرنٹ ، پنن کشمیر ، لگھو بھارتیہ گروپ آف انڈسٹریز ، 10+2 کنٹریکچول لیکچررز ، مغربی پاکستان کے پناہ گزین اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر سے بے گھر ہوئے افراد نے بھی عوامی دربار کے دوران مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی ۔ بی بی ویاس نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ سرکار کی جانب سے شروع کی گئی مختلف سکیموں اور پروگراموں کی عمل آوری کو یقینی بنائیں تا کہ لوگ ان سے استفادہ کر سکیں اور اُن کی مشکلات کم ہو سکیں ۔ عوامی مطالبات کے ردِ عمل میں بی بی ویاس نے متعلقہ محکموں سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے جائیز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے موقعہ پر ہی ضروری ہدایات دیں ۔ عوامی دربار میں صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما اور ڈپٹی کمشنر کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ قابلِ ذکر ہے کہ گورنر کے مشیر بی بی ویاس ہر جمعہ کو کنونشن سنٹر کنال روڈ جموں میں صبح دس بجے سے دوپہر 12 بجے تک عوامی شکایات سُننے کیلئے موجود رہیں گے ۔