بی ایس این ایل کی سروس 10روز سے ٹھپ

کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ گائوں علاقہ دچھن کی 15000 سے زائد آبادی دورجدید میں بھی موصولیاتی سہولیات سے محروم ہے ۔علاقہ میں واحد موصولاتی نظام فراہم کرنے والی کمپنی بی ایس این ایل کا نظام 10روزسے مکمل طور ٹھپ پڑا ہے جس کے سبب علاقہ کے لوگوں خاص کر طلاب کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ علاقہ کے لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ واحد مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل اپنی خدمات انجام دے رہی تھی اور اس کی سروس سے لوگ ضلع و یو ٹی کے دیگر علاقوں میں لوگوں کے ساتھ رابطہ کر پاتے تھے ۔ لیکن پچھلے دس روز سے مواصلاتی نظام بلکل ٹھپ پڑا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ یہاں بی ایس این ایل کی سروس نہیں بلکہ اس سے قبل بھی لوگ کافی مشکلات کا سامنا اس حوالے سے کر چکے ہیں ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمپنی کی جانب سے نصب ٹاور کی اگر معمولی مرمت بھی کرنی ہوتی ہے تو اس میں بھی ہفتے لگ جاتے ہیں لیکن نقص ٹھیک نہیں ہوتا اور اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ان سے سابقہ حکمرانوں نے بھی بہتر مواصلاتی سہولت فراہم کرنے کے وعدے کئے لیکن وہ وعدے پورے نہیں ہو سکے ۔مقامی لوگوں نے نجی مواصلاتی کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں ٹاور نصب کر کے یہاں کے لوگوں کو اپنی سروس سے فیضیاب کریں تاکہ یہاں کے سکولی بچوں کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی اس کا فائدہ اٹھا سکیں ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ایک طرف سرکار آن لائن کلاسز شروع کر رہی ہے وہیں دوسری جانب موصلاتی نظام کی عدم فراہمی ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے ۔