گاندربل///زرکثیر کی لاگت سے بیہامہ گاندربل میں میونسپل کمیٹی کی طرف سے سال2014میں تعمیر کئے گئے کمیونٹی ہال کی عمارت میں جگہ جگہ دراڑیں پڑگئی ہیں اور یہ عمارت ایک ہی جانب جھک جانے کی وجہ سے ناقابل استعمال قرار دی گئی ہے۔بیہامہ گاندربل میں گنجان آبادی ہونے کی وجہ سے میونسپل کمیٹی گاندربل نے یہاں لوگوں کی سہولت کیلئے سال 2014میں ایک کمیونٹی ہال کی تعمیر شروع کی ،جو سال 2016میں29لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا اور میونسپل کمیٹی نے اِسے عوام کے نام وقف کیا۔لیکن ایک سال گذرنے کے بعد ہی اس عمارت میں دراڑیں پیدا ہوئیں اور کچھ ہی ماہ میں دراڑوں کی وجہ سے عمارت ایک ہی جانب جھک گئی اور ناقابل استعمال ہی نہیں بلکہ لوگوں کیلئے ایک خطرہ بھی بنی۔مقامی لوگوں نے ایک ہی برس بعد اس عمارت کے ناقابل استعمال بن جانے پر سخت تشویش اور غم وغصے کااظہار کرتے ہوئے میونسپل حکام کی کارکردگی پر سوال اُٹھا ئے ہیں ۔’کشمیر عظمیٰ‘کو مقامی مسجد کمیٹی کے منتظمین نے بتایا کہ 29لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی اس عمارت میں ناقص اور غیر معیاری میٹریل استعما ل کیا گیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمارت کی تعمیر کی نگرانی کرنے والے سرکاری اہلکاروں اور ٹھیکیدارکیخلاف کارروائی کی جا نی چاہیے ۔ادھر میونسپل کمیٹی کے ایگزیکیٹو افسر نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر میں ناقص اور غیر معیاری مواد استعمال کیا گیا ہے اورہم نے ا س کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو روانہ کی ہے ۔