نئی دہلی// سپریم کورٹ نے اپنے ایک اہم تبصرہ میں کہا ہے کہ بیوی منقولہ جائیداد یا کوئی جاگیر نہیں ہے۔ اگر بیوی ساتھ نہیں رہنا چاہتی ہے تو شوہر اس کو اپنے ساتھ رکھنے کیلئے مجبور نہیں کرسکتا ہے۔ ایک خاتون کی جانب سے شوہر پر تشدد کے الزامات لگاتے ہوئے دائر کی گئی عرضی کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے یہ تبصرہ کیا۔ خاتون نے اپنے الزمات میں کہا ہے کہ شوہر اس پر ساتھ رہنے کیلئے دباو بنارہا ہے ، لیکن وہ خود اس کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی ہے۔جسٹس مدن بی لوکور ور جسٹس دیپک گپتا کی بینچ نے عدالت میں موجود خاتون کے شوہر سے کہا کہ "وہ کوئی منقولہ جائیداد نہیں ہے ، آپ اسے مجبور نہیں کرسکتے ہیں ، وہ آپ کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی ہے ، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ آپ اس کیساتھ رہیں گے"۔بینچ نے خاتون کے وکیل کیذریعہ شوہر کے ساتھ نہیں رہنے کی خواہش والے بیان کے مد نظر شوہر کو اپنے فیصلہ پر دوبارہ غور کرنے کیلئے کہا۔ عدالت نے کہا کہ آپ کیلئے اس پر از سر نو غور کرنا ہی بہتر ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ آپ اس قدر غیر ذمہ دار کیسیہوسکتے ہیں ؟ آپ خاتون کے ساتھ جائیداد کی طرح سلوک کررہے ہیں ، وہ کوئی چیز نہیں ہے۔ معاملہ کی اگلی سماعت کیلئے 8 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔