بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر واقع حساس مانے جانے والے قصبہ بانہال میں بیوپار منڈل کے انتخابات میں تاجربرادری کے سابقہ صدر شمس الدین راہی نے بھاری اکثریت کیساتھ تیسری بار جیت درج کی ہے۔ موجودہ صدر شمس الدین راہی کی طرف سے مقررہ دو سال کی مدت مکمل کرنے کے بعد ضابطے کے تحت بیوپار منڈل بانہال کے الیکشن جمعرات کو ٹورسٹ ہوسٹل بانہال میں منعقد کئے گئے جس کیلئے باضابطہ طور ایک آزاد الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ صوبہ جموں کے حساس ترین تصور کئے جانے والے قصبے بانہال کیلئے صدربیوپار منڈل کے انتخابات کیلئے انتخابات کئی وجوہات کی بِنا پر نہایت ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور اس بار کے انتخابات کیلئے کل چار امیدوار میدان میں تھے۔ جن میں سابقہ صدر بیوپار منڈل صدر شاہنواز خان ، نصیر احمد وانی ، سماجی کارکن و دکاندار مختیار نمی اور سابقہ صدر شمس الدین راہی میدان میں تھے۔ کھارپورہ ، گنڈ عدلکوٹ اور قصبہ بانہال پر مشتمل اس الیکشن کیلئے 876 دکانداروں کو ووٹ کا حق حاصل ہے اور اس کے مقابلے میں 699 دکانداروں نے اپنے حق کا استعمال کیا۔ بانہال کے دکانداروں اور دیگر تاجر برادری نے مسلسل دوسری بار اور کل ملاکر تیسری بار خواجہ شمس الدین راہی ساکنہ چنجلو بانہال کو اعتماد دیتے ہوئے انہیں 332 ووٹ دیئے جبکہ اْن کے مدمقابلوں میں سے شاہنواز خان کو 184، نصیر احمد وانی کو 116 اور مختیار نبی کو 67 ووٹ ملے۔ اپنی شاندار کامیابی کے بعد شمس الدین راہی نے تمام دکانداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کی طرف سے دیئے گئے اعتماد کو ہر سطح پر پورا پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔سنہ 2016 میں برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد بانہال کے بیوپار منڈل کے انتخاب ہوئے تھے جس میں شمس الدین راہی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے اپنے واحد مدمقابل کو بھاری فرق سے ہرا دیا تھا۔ جیت کے جشن کے بعد اپنے تاثرات میں شمس الدین راہی نے کہا ہے کہ وہ قصبے کی تعمیر وترقی کیلئے دو دو محاذوں پرلڑ رہے ہیں اور انتظامیہ کی مدد سے قصبے کی تعمیر وترقی اور دکانداروں کی فلاح و بہبود اور انکے حقوق کی حفاظت کا ہمیشہ خیال رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ میں سرکاری زمین پر بنے باتھ روم کے قضیے کو حل کرنے اور قبضہ کرنے کی کوشش کے خلاف لڑائی جاری ہے اور اس کیلئے ایک کیس عدلیہ میں زیر سماعت ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ یہ کیس جیت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ بانہال سے گذرنے والی شاہراہ کی دیکھ ریکھ کیلئے ان کی کوشش اور انتظامیہ کی مدد سے میکڈم بچھایا گیا اور اس کی خراب حالت کو درست کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سال کے دوران درجنوں نوجوانوں کے خلاف مختلف کیس درج کئے گئے تھے اور اْن میں سے بیشتر کیسوں کو پولیس کے اعلی افسروں کی بھرپورمدد اور تعاون سے حل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی تاجروں اور عام لوگوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرتے رہیں گے اور حق کیلئے لڑتے رہیں گے۔
بیوپار منڈل بانہال کا چنائو
