بین الاقوامی کمرشیل پروازیں 27 مارچ سے

نئی دہلی//یو این آئی// تقریباً دو سال کے بعد حکومت نے کووڈ کے رہنما خطوط کی تعمیل کے ساتھ 27 مارچ سے ملک میں بین الاقوامی کمرشیل پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) نے کووڈ-19 کے پیش نظر 23 مارچ 2020سے بین الاقوامی کمرشیل پروازوں کو معطل کر دیا تھا۔ ڈی جی سی اے نے 28 فروری کو جاری کردہ ایک سرکلر میں بین الاقوامی کمرشیل پروازوں پر پابندی کو اگلے حکم تک بڑھا یا تھا۔شہری ہوا بازی کی وزارت نے آج کہا کہ پوری دنیا میں کووڈ ویکسینیشن کی کوریج کو بڑھانے اور تمام اسٹیک ہولڈر کے ساتھ غور و خوض کے بعدحکومت ہند نے 26 مارچ کی آدھی رات کے بعد بہ ضابطہ کمرشیل بین الاقوامی پروازوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس طرح سے 27 مارچ 2022 سے یہ پروازیں بحال جائیں گے ۔ بعض ممالک کے ساتھ ایئرببل کا سسٹم بھی 26 مارچ کی نصف شب تک جاری رہے گا۔وزارت نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی فلائٹ آپریشن 10 فروری 2022 کو مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے بین الاقوامی سفر سے متعلق رہنما خطوط کے تحت کیا جائے گا۔غور طلب ہے کہ اس سے بین الاقوامی سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت کو راحت ملنے کا امکان ہے جو دو سال سے مکمل طور ٹھپ پڑا ہوا ہے ۔