پلوامہ+اننت ناگ// بندوق برداروں نے گذشتہ رات بیلو راجپورہ میں دو ایس پی اوز کے گھروں میں داخل ہوکر انہیں نوکریاں چھوڑنے کی دھمکی دی۔بیلو گائوں میں تین سے چار جنگجوئوں پر مشتمل ایک گروپ نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات محکمہ پولیس میں بطور ایس پی او کام کر رہے شاکر احمد بٹ اور سجاد احمد آہنگر کی مارپیٹ کر کے انہیں فوری طور نوکریوں سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی۔ اس دوران بیلو در گنڈ راجپورہ میں محاصرے کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں۔44آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے بیلو گائوں کو محاصرے میں لینے کی کوشش کی، جس کے دوران فورسز اور نوجوانوں کے درمیا ن جھڑہیں ہوئیں ۔ فورسز نے آپریشن شروع کرنے سے قبل ہوا میں چند وارننگ فائر کئے، جس کے ساتھ ہی لوگ گھروں سے باہر آئے اور انہوں نے فورسز پر شدید پتھرائوکیا جس کے ساتھ علاقے میں زبردست جھڑپیں شروع ہوئیں ۔فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے درجنوںگولے داغے اور پیلٹ بھی چلائے۔یہاں رات دیر گئے تک صورتحال پیچیدہ تھی۔اس دوران آرونی بجبہاڑہ میں فوج نے لشکر کمانڈر آزاد ملک کے گھر پر چھاپہ مارا، جس کے دوران معمولی سنگباری بھی ہوئی۔آرونی میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا اور دکانیں بند ہوئیں،جب فوج اور نیم فوجی دستوں کی بڑی تعداد علاقے میں نمودار ہوئی اور تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا ۔ فوج نے لشکر ضلع کمانڈر آزاد ملک عرف زید بھائی کے گھر کی بھی تلاشی لی۔ فوج پر معمولی سنگبازی بھی ہوئی،تاہم بعد میں فوج علاقے سے چلی گئی۔