بیرون ملک سے رقومات کی ترسیل

 
سرینگر//بیرون ملک سے رقومات کی آن لائن ترسیل میں آسانی فراہم کرنے کیلئے جموں و کشمیر بینک نے اپنے گاہکوں کو مزید راحت پہنچانے کی غرض سے ایک گلوبل مَنی ٹرانسفر کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ آپسی معاہدے یعنی MOU   پر بینک کے وائس پریزیڈنٹ سشیل کمار گپتا نے دستخط کئے جبکہ گلوبل ٹرانسفر کمپنی کی جانب سے کمپنی آپریشن ہیڈ  رنجتھ ٹی ایلکس  نے دستخط کئے۔ سشیل کمار نے کہا کہ بیرون ملک رقومات کی ترسیل کیلئے روایتی طریقہ کار کے مقابلے میں اب ہم اپنے گاہکوں کی تیز اور سستے طریقہ کار سے خدمت کرسکتے ہیں۔ اب کسی بھی ملک سے بہ آسانی رقومات جموں وکشمیر بینک کے کھاتے داروںکے کھاتوں میں جمع ہوسکتے ہیں جس سے  بیرون ملک کام کر رہے لوگ اپنے رشتہ داروں کو بناء طوالت رقومات بھیج سکتے ہیں ۔ گلوبل مَنی ٹرانسفر کمپنی کینیڈا کی گلوبل فارِن ایکسچینج  انٹر نیشنل گروپ کمپنی کی ماسٹر ایجنٹ ہے اور ٹرانس فاسٹ(Trans-Fast)  ورلڈ وائڈ مَنی ٹرانسفر کی شاخ ہے۔ ٹرانس فاسٹ ایک بین الاقوامی مَنی ٹرانسفر کمپنی ہے جسکا صدر دفتر نیو یارک میں ہے  اور شاخیں عرب امارات اور فلپائنز میں ہیں۔ یہ کمپنی ایک سو سے زائد ملکوں میں بین الاقوامی لین دین کیلئے موثر اور مشہور ہے۔