بیت المقدس میں پھر کشیدگی | اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں 15سالہ لڑکا جاں بحق

 بیت المقدس //غرب اردن میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ فلسطینی ریڈ کریسنٹ نے کہا ہے کہ نابلس کے جنوب میں بیتا کے قریب اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 15 سالہ محمد سعید حمایل کی موت واقع ہوئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چھ مزید افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ پر حملوں اور فلسطینیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ مزید تیز کردیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق صہیونی فوج نے منظم سازش کے تحت مظاہروں میں شریک فلسطینی نوجوانوں اور بچوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں شہر قدیم کے باب الاسباط سے کئی بچوں کو حراست میں لیا،جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں کشیدگی رہی۔ دوسری جانب یہود ی آبادکاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی وجہ سے فلسطینی شدید غم و غصے میں ہیں۔ اس سے قبل جمعرات کے روز 250سے زائد شرپسندوںنے مسجد اقصیٰ میں گھس کر قبلہ اول کا تقدس پامال کیاتھا۔ فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہودی شرپسندمراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوئے۔ اس موقع پر نام نہاد مذہبی رہنماوں نے مزعومہ ہیکل سلیمانی کے بارے میں ذہن سازی کی۔ ادھر قابض صہیونی حکام نے رواں سال کے دوران اب تک 250بارمسجد ابراہیمی میں اذان دینے اور نماز ادا کرنے پرپابندی عائد کی۔