سرینگر // شہری ہلاکتوں کے متواتر واقعات کے کئی روز کی خاموشی کے بعد پائین شہر سرینگر کے بہوری کدل علاقے میں ملی ٹینٹوں نے ایک دکان کے سیلز مین کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔مذکورہ سیلز مین بانڈی کے ایک گائوں کا تھا جو ایک غیر مسلم ڈاکٹرکے دکان پر کام کررہا تھا۔یاد رہے کہ دوروز قبل ایس ڈی کالونی بٹہ مالو می ملی ٹینٹوں نے پولیس کے ایک جوان کو اپنے گھر کے باہر گولیا مار کر جا ں بحق کیا تھا جبکہ اکتوبر کے مہینے میں معروف دوا فروش مکھن لعل بندرو،سنگم عید گاہ ہائر سکنڈری سکول کی خاتون پرنسپل اور ایک ٹیچر کے علاوہ حاجن میں سومو سٹینڈ صدر سمیت 9شہریوں کو وادی کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد نے ابدی نیند سلا دیا۔پولیس کے مطابق شام دیر گئے 8بجکر 10منٹ پر انہیں بہوری کدل علاقے میں تشدد کی واردات کا علم ہوا جس کے فوری بعد افسران وہا ںپہنچ گئے۔ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ شدت پسندوں نے محمد ابراہیم خان ولد غلام محمد خان ساکن اشٹینگو بانڈی پورہ پر بہوری کدل میں فائرنگ کی۔ اس شدت پسند حملے میں محمد ابراہیم شدید زخمی ہوا اور اسے نزدیکی اسپتال لیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے۔اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ اس واردات کی وجوہات کا پتہ لگایا جاسکے۔حملے کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور شک آور افراد سے پوچھ تاچھ کی جاتی رہی۔معلوم ہوا ہے کہ محمد ابراہیم بنیادی طور پر سرینگر کا ہی رہنے والا ہے اور اس نے اشٹینگو میں غلام محمد برگی کی بیٹی سے شادی کی ہے۔وہ بہوری کدل میں کئی دہائیوں سے کشمیری پنڈت ڈاکٹر سندیپ کا کاروبار دیکھ رہا تھا اور حملے سے قبل ڈاکٹر سندیپ بھی دکان پر موجود تھا۔ جب محمد ابراہیم نے دکان بند کر کے ڈاکٹر کی کار اسکے گھر لیجانے کی کوشش کی تو بندوق برداروں نے اسے گاڑی میں ہی ہلاک کیا۔
لیتہ پورہ میںفورسز اہلکارکی خودکشی
چاڑورہ میں جوان کی حرکت قلب بند
سید اعجاز
پلوامہ//جموں کشمیر میں تعینات فورسز اہلکاروں میں خود کشی کے واقعات میں کوئی کمی واقع نہیں ہورہی ہے۔ لیتہ پورہ اونتی پورہ میں سی آر پی ایف گروپ سنیٹر میں تعینات ایک اور پیر ا ملٹر ی اہلکار نے خود پر گولیاں چلا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا ۔185بٹالین سے وابستہ پیرا ملٹری اہلکار بوپندر سنگھ ساکن برتھ پورہ راجستھان نے خود پر اپنی ہی سروس رائفل سے گولیاں چلائیں ۔ گولیاں چلانے کے بعدجوان کو شدید زخمی حالات میں اسپتال پہنچایا گیا تاہم اسپتال پہنچے سے قبل ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے حقائق جاننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ادھروسطی کشمیر کے قصبہ چاڈورہ میں پیر کی صبح سشترا سیما بل (ایس ایس بی) کے ایک اہلکار کی حرکت قلب بند ہو نے سے موت واقع ہوئی۔ ناگام تعینات ایس ایس بی اہلکار بھوانی سنگھ ولد کنجو لال ساکن راجستھان کی پیر کی صبح حرکت قلب بند ہوئی اور وہ فوت ہوا۔وہ ایس ایس بی 14 بٹالین سے وابستہ تھا۔
مہلوک ٹیچر کی اہلیہ
ایل جی نے تقرری کا آرڈر تھمایا
نیوز ڈیسک
سرینگر//ایک ماہ قبل سنگم عیدگاہ سرینگرمیں گورنمنٹ ہائراسکینڈری اسکول میںتعینات ملی ٹینٹوں نے اسکول کی خاتون پرنسپل اور ایک ٹیچر کو ہلاک کیا گیا۔مذکورہ سکول ٹیچرکی اہلیہ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سوموارکے روزتقرری کا آرڈر دیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ سوموارکوراج بھون میں ایک مختصرتقریب منعقد ہوئی ،جس دوران منوج سنہا نے کشمیری پنڈت استاد دیپک چند کی اہلیہ آرادھنا مہرا کو سرکاری ملازمت کیلئے تقرری کاآرڈر سونپا۔ دیپک چندکو 8، اکتوبر کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔اس موقعہ پر منوج سنہا نے متاثرہ خاندان کو ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا۔