بہنی پورہ راجوار کاہائراسکینڈری اسکول سرکار کی نظروں سے اوجھل | جگہ اور مدرسین کی کمی سے طلاب کومشکلات،کئی برس سے پرنسپل کی کرسی خالی

راجواڑ (ہندوارہ )// بہنی پورہ راجوارہندوارہ کا ہائر سکینڈری سکول سرکار کی نظرو ں سے اوجھل ہے اور سکول میں جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے زیر تعلیم طلبہ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔سب ضلع ہندوارہ سے 15کلو میٹر دور بہنی پورہ میں قائم ہائی سکول کا درجہ 2008میں بڑھا کر اسے ہائر سکینڈری سکول کابنایا گیا جو علاقہ کے لوگو ں کی دیرینہ مانگ تھی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ 11سال قبل جب مذکورہ سکول کا درجہ بڑھایا گیا تو لوگو ں نے مسرت کا اظہار کیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ 11سال گزر جانے کے  باجود بھی سکول کے لئے مکمل عمارت تعمیر نہیں کی گئی بلکہ 3کمرو ں پر مشتمل اس سکول میں 5سو طلبہ زیر تعلیم ہیں جس کی وجہ سے طلبہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ سکول گزشتہ کئی برسو ںسے بغیر پرنسپل کے کام کررہا ہے ۔سکول ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہائر سکینڈری سکول بہنی پورہ میں نویں اور دسویں جماعت میں دوسو بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ گیارویں اور بارویں جماعت میں تین سو طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن جگہ کی کمی کی وجہ سے زیر تعلیم طلبہ کھلے آ سمان تلے تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔بہنی پورہ کے مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ جب سے مذکورہ ہائر سکینڈری سکول کا قیام عمل میں لایا گیا تب سے اس سکول کو یکسر نظر انداز کیا گیا ۔سکول کے لئے 14لیکچر ارو ں کی تقرری کو منظوری دی گئی لیکن تا حال محض 4لیکچر ا راس اسکول میں تعینات کے گئے ہیں جبکہ سکول سر براہ کی کرسی بھی کئی سال سے خالی ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ جس سکول میں جگہ اورمدرسین کی کمی ہو وہاں ان کے بچے کیا تعلیم حاصل کر تے ہوں گے ۔معلوم ہوا ہے کہ سکول میں میڈیکل ،نان میڈیکل مضامین اور زالوجی، انفارمیشن ٹکینالوجی اور الیکٹرانکس کے لئے لیکچر ار تو تعینات ہیں لیکن باٹونی ،فزکس ،کیمسٹری اور ریاضی کے لئے عرصہ دراز سے کوئی بھی لیکچر ار تعینات نہیں گیا گیا ۔آرٹس مضامین جن میں عربی ،ایجو کیشن ،پولٹیکل سائنس ،انگلش ،اردو اور ہسٹر ی شامل ہیں، کے مدرسین کی اسامیاں سکول میں ہی نہیں ہیں ۔مقامی لوگو ںؓ کا کہنا ہے کہ مذکورہ سکول علاقہ میں ایک قدیم سکول مانا جاتا ہے لیکن سرکار نے اس سکول کے ساتھ سوتیلی ما ں کا سلوک روا رکھا ہے ۔مقامی لوگو ں کے مطابق اگرچہ انہو ں نے کئی بار اعلیٰ حکام کی نو ٹس میں معاملہ لایا لیکن تا حال کوئی بھی کا روائی عمل میں نہیں لائی گئی جس کی وجہ سے زیر تعلیم طلبہ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ہائر سکینڈری سکول بہنی پورہ جنگل کے نزدیک ہے اور ہمیشہ والدین کو یہ فکر ستاتی ہے کہ کہیں جنگلی جانور سکول میں داخل نہ ہو کیونکہ مذکورہ سکول کی آج تک دیوار بندی بھی نہیں کی گئی ہے ۔اس دوران بہنی پورہ کے ملحقہ علاقہ جات جن میں سر مرگ ،لچھم پورہ ،ڈوگری پورہ ،ستہ کوجی ،رینہ ذب اور درد حاجی کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ بہنی پورہ ہائر سکینڈری سکول ان کے بچو ں کی واحد امید ہے جہا ں وہ اپنی تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن سکول میں جگہ  اور عملہ کی کمی کی وجہ سے ان کے بچو ں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی لوگو ں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے بچوں کا مستقبل بچانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں اور ہائر سکینڈری سکول بہنی پورہ پر توجہ مرکوز کریں ۔اس حوالہ سے ڈپٹی چیف ایجو کیشن آفیسر کپوارہ کہنا ہے کہ بہت سارے سکولو ں میں مدرسین کی کمی کے ساتھ ساتھ دیگر مشکلات ہیں لیکن محکمہ خالی پڑی اسامیو ں کو کو پورا کرنے کے لئے سنجیدہ ہے اور آئندہ  برس  تمام مسائل حل ہونے کی امید ہے اور سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو مشکلات کا سامنا نہیں پڑے گا۔