سرینگر//کشمیری طلباء کو عالمی معیار کی تکنیکی تعلیم کے علاوہ خصوصی تعلیم اور فلاحی اسکیموں کے ساتھ داخلہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے مہاراجہ رنجیت سنگھ ٹیکنکل یونیورسٹی پنجاب نے کہا کہ ان کی دانش گاہ میں طلاب کو بہتر ماحول کی فراہمی اور تحفظ اولین پالیسی ہے۔سرینگر کے ایون صحافت میں پیر کو مہاراجہ رنجیت سنگھ ٹیکنکل یونیورسٹی پنجاب کے رجسٹرار ڈاکٹر گریندر پال سنگھ برار اور ڈین کنسلٹنسی اور چیئرمین داخلہ ، ڈاکٹر منجیت بنسل نے کہا کہ یونیورسٹی کشمیر کے دور دراز علاقوں کے طلباء کو عالمی معیار کی فنی تعلیم کے ساتھ ساتھ پرکشش اسکالرشپ اسکیموں اور مرکز کی فلاحی اسکیموں کے ساتھ داخلہ فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کشمیر کے طلبا کو اعلیٰ تعلیم اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ برار نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی تمام اسکالرشپ اور فلاحی اسکیمیں سرکاری یونیورسٹی میں دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر برار نے کہا کہ تکنیکی تعلیم ملک کی انسانی وسائل کی ترقی میں ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے ، صنعتی پیداوار بڑھانے اور اس کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ماحول دوست جدید ٹیکنالوجی فراہم کرتی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ تکنیکی یونیورسٹی بھارت کی ان چند ایک یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے،جہاں شہری ہوا بازی کے شعبے کی اپنی ہوائی پٹی ہے اور جہاں پر طلاب کو تربیت دی جاتی ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار نے کہا کہ مضبوط بین الاقوامی ایکسچینج پروگرام کے تحت ، یونیورسٹی نے اعلی عالمی یونیورسٹیوں جیسے تھامسن ریورس یونیورسٹی (کینیڈا) ، سینرجی یونیورسٹی (روس) ، کریڈٹ ٹرانسفر اسٹڈی کے لیے دیگر مشہور غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ بھی تعاون کیا ہے تاکہ ہونہارر طلباء کے لیے معیاری و اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے جائیں۔