جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے کہاہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی سیاسی مفاد کیلئے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے مسئلہ کا استحصال کررہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ زعفرانی جماعت رام مندر کواہم مسائل میں اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے استعمال کررہی ہے ۔شیر کشمیر بھون میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رانانے کہا’’بی جے پی کے نوجوانوں کو روزگار سے جموں کی ترقی کے تمام وعدے جھوٹ ثابت ہوئے ، زعفرانی جماعت نے لوگوں سے دغا کیا جنہوں نے اس سے واضح منڈیٹ سے نوازااور اب پھر جب یہ لوگوں کے سامنے جائیں گے تو انہیں جواب دیناہوگا ، یہ دوبارہ بھگوان رام کو سامنے لائیں گے تاکہ اپنی ناکامیوں کو چھپا یاجاسکے‘‘ ۔ رانانے کہاکہ ایسا تاثر دیاجارہاہے کہ بھگوان رام خطرے میں ہے اور بھاجپا خود کوبھگوان کے محافظ کے طور پر پیش کررہی ہے ۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا’’کیا بھگوان کبھی خطرے میںہواہے،نہیں بھگوان کبھی خطرے میں نہیںہوتا‘‘۔این سی لیڈر نے کہاکہ جب بھی بی جے پی خود کو مشکل میں دیکھتی ہے تو وہ بھگوان رام کو سامنے لاکر مذہب کے نام پر جذباتی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔بھاجپا قیادت پر تنقیدکرتے ہوئے رانا نے کہا’’بی جے پی لیڈران کے مطابق ’’ بھگوان رام خطرے میں آتا ہے تو بی جے پی کے رویندر رینہ اور اشوک کول کو ٹیلی فون آتا ہے، ٹیلی فون دراصل آتا نہیں ہے، دیویندر رانا کو ٹیلی فون نہیں آتا کیونکہ دیویندر رانا نیشنل کانفرنسی ہے، ہم لوگ ہندو ، مسلم ، سکھ اتحاد میں یقین رکھتے ہیں‘‘۔