تھنہ منڈی // تحصیل تھنہ منڈی کے درہ ، ڈھوک ، کھنیال کوٹ اور نیلی ،بھٹیلی کے عوام بھٹیلی نالہ پر پل کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے مذکورہ نالے پر پل کی تعمیر کی مانگ کررہے ہیں تاہم ابھی تک حکام کی جانب سے مکینوں کی مشکلات کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان دیہات کے تقریباً دس ہزار افراد اسی نالے سے گزر کر آتے جاتے ہیں جس سے ان کا بہت سارا نقصان ہوتا ہے۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ جلد از جلد اس پل کیلئے ٹینڈرنگ کرے اور پل کا کام شروع کیا جائے۔غور طلب ہے کہ مذکورہ نالے سے کئی دیہات کے طلباء گزر کر تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے جاتے ہیں ۔ مقامی سرپنچ منشی خان اور عقیل احمد، مشتاق احمد چوہدری ، ساجد خان ، نثار احمد ،سہیل احمد ، وسیم خان ، خادم حسین ، ڈاکٹر برکت حسین ، مستری عبدالعزیز ، عمر فاروق ڈار ، محمد اکرم و دیگران نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مقام پر پل کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ ان کی پریشانی کم ہو سکے ۔