راجوری//13 اکتوبرکو بھٹہ دھوریاں مینڈھر کے نار خاص گھنے جنگلات میں جاری عسکریت پسندوں کے خلاف تلاشی آپریشن 17ویں روز بھی جاری رہا۔ تاہم جڑاں والی گلی اور بھمبر گلی کے درمیان بند قومی شاہراہ کی ناکہ بندی میں نرمی کر دی گئی اور اسے شہری ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔یہ آپریشن 14 اکتوبر کی شام کو عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان انکائونٹر شروع ہونے کے بعد شروع ہوا تھا جس میں چار فوجی جوانوں کی جانیں گئی تھیں۔پچھلے17 دنوں سے پورے نار خاص جنگلات کے ساتھ علاقے میںملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔بھٹہ دھوریاں کے کچھ حصے اور سنجیوٹے دیہات کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ اتوار کے روز، علاقے میں محاصرے میں کچھ حد تک نرمی کی گئی ، صرف نار خاص کے اندرونی جنگل کو گھیرے میں لیا گیا ہے۔دریں اثناء جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ کے تقریباً 20 کلومیٹر طویل حصے کو جو کہ بھٹہ دھوریاں کے نار خاص میں اس آپریشن کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا، کو اتوار کی صبح ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جس سے مسافروں کی مشکلات کا خاتمہ ہو گیا ہے۔بھمبر گلی سے جڑاں والی گلی کے درمیان پھیلی اس شاہراہ کو 14 اکتوبر کی شام کو بھٹہ دھوریاں کے نار خاص جنگل کے علاقے میں تصادم کے بعد بند کر دیا گیا تھا جس میں فوج کے 4 اہلکار مارے گئے تھے۔شاہراہ کا حصہ اس وقت سے بند پڑا تھا اور ٹریفک کو مینڈھر کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔دریں اثنا، اتوار کی صبح حکام نے ہائی وے کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا اور پولیس نے دونوں سروں پر رکاوٹیں ہٹا دی ہیں۔شہری ٹریفک اب ہائی وے سے بحال ہو گئی ہے۔"