سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پہلگام کا دورہ کیا تاکہ ہسپتال کے کام کاج اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے۔مشیر موصوف کے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر ، ایگزیکٹیو اِنجینئر اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔دورے کے دوران مشیر بھٹناگر نے ہسپتال کا تفصیلی چکر لگایا اور اِس کے تمام شعبوں کا معائینہ کیا ۔اُنہوں نے ہسپتال میں کووِڈویکسی نیشن ، سیمپلنگ اور دیگر سہولیات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔مشیر موصوف نے ہسپتال کے ڈاکٹر وں اور عملے سے بھی بات چیت کی۔ اُنہوں نے مریضوں کے علاج و معالجہ کے اِقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اُنہوں نے ڈاکٹروں اور عملے کی طرف سے کئے جانے والے کام کی سراہنا کی۔اُنہوں نے وہاں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تجاویز اور ضروریات کوسنجیدگی سے لیا اور اِس کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔دورے کے دوران مشیر موصوف نے پہلگام میں ہسپتال کی مجوزہ نئی عمارت کا بھی مشاہدہ کیا۔مشیر موصوف کو متعلقہ ایگزیکٹیو اِنجینئر نے نئی عمارت کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا گیا کہ نئی عمارت میں 50 بستروں کی سہولیت دستیاب ہوگی۔مشیر بھٹناگر نے عمل آوری ایجنسی کے اَفسران کو ہدایت دی کہ پہلگام کی پسندیدہ سیاحتی مقام ہونے کی اہمیت، اس کے باشندوں اور ملحقہ علاقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی عمارت کا کام جلد اَز جلد مکمل کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگرنے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اور دیگر اَفسران کے ساتھ کووِڈ کی صورتحال اور ضلع اَننت ناگ کے دیگر صحت اور طبی نگہداشت سے متعلق اَمور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔تفصیلی دورے کے دوران مشیر بھٹناگر نے این ٹی پی ایچ سی پہلگام کا بھی معائینہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی ۔مقامی لوگوں نے پہلگام اور اس کے آس پاس صحت سہولیات کی اَپ گریڈیشن کی مانگ کی ۔مشیر موصوف نے اُنہیں یقین دِلایا کہ لوگوں کو ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی اور صحت سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی وہ کووِڈ ایس او پیز اور کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی) پر عمل کریں اور کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں تاکہ کووِڈ وبائی اَمراض پر مکمل طور قابو پایا جاسکے۔