جموں//سپیکر قانون ساز اسمبلی کویندر گپتا نے محکمہ پھولبانی کے حکام کو بھور کیمپ گارڈن کی ترقی کیلئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ تیار کر کے منظوری کیلئے متعلقہ حکام کو پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ یہ ہدایت سپیکر نے بھور کیمپ گارڈن کا دورہ کرنے کے دوران دی ۔ اُن کے ہمراہ وزیر مملکت برائے سیاحت ، تعلیم اور پھولبانی پریا سیٹھی بھی تھیں ۔ سپیکر نے کہا کہ پارک کی توسیع و ترقی ضروری ہے کیونکہ یہ جگہ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں جدید ترین سہولیات کا ہونا لازمی ہے تا کہ یہ مقامی لوگوں کیلئے آمدن کا ذریعہ بن سکے ۔ سپیکر اور وزیر موصوفہ نے پارک میں دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ پریا سیٹھی نے متعلقہ حکام کو پارک میں مختلف اقسام کے پھول لگانے کیلئے کہا تا کہ پارک کی خوبصورتی میں اضافہ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پھولوں کو بیچ کر آمدن بھی حاصل کی جا سکے ۔ ڈائریکٹر محکمہ پھول بانی جموں نے وزیر کو بتایا کہ 425 کنال اراضی پر پھیلی ہوئی پارک میں 20 کنال زمین پارکنگ کیلئے مخصوص رکھی گئی ہے ۔انہیں مزید بتایا گیا کہ پارک میں اب تک 200 سٹریٹ لائیٹ نصب کی گئی ہیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ پارک میں ایک روز گاگارڈن بھی قایم کیا جا رہا ہے جس میں مختلف اقسام کے گلاب کے پھول لگائے جائیں گے ۔ انہیں بتایا گیا کہ پارک میں تالابوں اور فواروں کی تعمیر کا کام شدو مد سے جاری ہے ۔ دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اور دیگر متعلقہ افسران سپیکر کے ہمراہ تھے ۔