جموں//ایس ڈی ایم نارتھ جموں محمدالیاس خان نے دیہی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کے ازالہ کی کوششوں کوجاری رکھتے ہوئے بھلوال میں عوامی مسائل ازالہ کیمپ کاانعقاد کیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے محمدالیاس خان نے کہاکہ انتظامیہ لوگوں کی مشکلات دورکرنے کیلئے دوردرازعلاقہ جات تک پہنچنے کیلئے کوشاں ہے۔اس دوران تحصیلدار بھلوا ل موہت گپتا، چیف پلاننگ آفیسر جی ۔ایل شرما ، تحصیلدار جموں نارتھ ثاقب سلیم، بی ڈی او بھلوال ڈاکٹرنیہا شرما، زیڈای او ، سی ڈی پی اوبھلوال اورلائن محکمہ جات کے آفیسروں کے علاوہ محکمہ مال کے اہلکاران ، مقامی سرپنچوں ،پنچوں اور معززشہری بھی موجودتھے۔اس موقعہ پر لوگوں نے بجلی،پانی،سڑک ،تعلیم ،راشن کی تقسیم کاری وغیرہ سے متعلق مسائل ایس ڈی ایم کے سامنے رکھے۔قبل ازیں تحصیلدار بھلوال موہت گپتانے سب ڈویژن کے مختلف علاقہ جات کے بارے میں تعارف پیش کرنے کے بعد لوگوں کوعوامی مسائل ازالہ کیمپوں کی افادیت بیان کی۔اس دوران سب ڈویژنل مجسٹریٹ نارتھ محمدالیاس خان نے لوگوں کے مسائل کوبغورسننے کے بعد متعلقہ محکموں کولوگوں کے جائزمسائل جلد حل کرنے کی ہدایات دیں ۔اس دوران کچھ مسائل کافوری نپٹارہ بھی کیاگیا۔