بھدرواہ //جموں یونیورسٹی کے بھدرواہ کیمپس میں منشیات کی بدعت میں اضافہ ہونے کے خلاف ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔حال ہی میں بھدرواہ میں منشیات کے زیادہ خوراک سے ایک21سالہ نوجوان لقمہ اجل بن گیا ہے،جس کے پیش نظر منشیات مخالف ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔ اس ریلی میں شعبہ کمپیوٹر سائنس و آئی ٹی ، انگلش شعبہ، ٹی بی ایس اور لٹل اینجل سکول کے طلاب نے ریلی میں شرکت کی۔کیمپس کے غیر تدریسی سٹاف نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ریلی کا آغاز فیکلٹی ممبران کی جانب سے متعدد بیداری لیکچروں سے کیا گیا ۔اس موقعہ پر کیمپس کے ریکٹر جی ایم بھٹ نے نوجوانوںکو منشیات سے د ور رہنے کو کہا اور کیا کہ اس سے نوجوانوں کی زندگی تباہ ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے سماجی بدعات کے خاتمہ کے لئے منشیات سپلائی کرنے والوں اور منشیات فروشوں کے درمیان ساز و باز کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ایسے مسائل سے نمٹنے کے لئے اہل خانہ کے رول پر بھی زور دیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈمک ادارے ،این جی او اور عوام منشیات کی بدعت کے خاتمہ میں ایک اہم رول نبھا سکتے ہیں۔جغرافیہ کے اسسٹنٹ پروفیو و انچارج ہیڈ ژھرنگ ٹن ڈپ نے نوجوانوں کی توانائی کو تعمیری کاموں پر صرف کرنے پر زور دیا۔فیکلٹی کے جن دیگر ممبروں نے اپنے بیش قیمتی تبصرے کئے اُن میںقاسم میر، صدام حُسین، مُظفر، مس پوجا، نتو پریہار بھی شامل تھے۔طلاب نے بھی سماجی مسلہ پر اپنانقطہ و نگاہ پیش کیا۔کیمپس کے نمائندے انتخاب نے بھی بیش قیمتی لیکچر یدا۔بعد ازاں کیمپس سے ایک ریلی نکالی گئی جو کہ قصبہ کے بازاروں سے ہوتے ہوئے کیمپس میں ہی اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی میں لوگوں کو منشیات کی بدعت کے خلاف بیدار کیا گیا ۔